رانا نے جے جے ایم پر پیش رفت کا جائیزہ لیا

رانا نے جے جے ایم پر پیش رفت کا جائیزہ لیا

سرینگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے آج پی ایچ ای ڈویژن چاڈورہ اور دیگر علاقوں میں جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کے نفاذ سے متعلق تازہ ترین پیش رفت کا جائیزہ لینے کی غرض سے سول سیکرٹریٹ سرینگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایم ایل اے چاڈورہ علی محمد ڈار ، ایم ایل اے بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی ، ایم ایل اے خانصاحب سیف الدین بٹ ، ایم ایل اے سوپور ارشاد رسول کار اور محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ چاڈورہ ، بڈگام ، سوپور ، بیروہ میں جاری جے جے ایم کے مختلف منصوبوں پر کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے مسٹر جاوید رانا نے افسران کو ان کاموں کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے ڈویژنوں میں کاموں پر عمل درآمد کی نگرانی کریں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کی نگرانی کریں تا کہ تمام مطلوبہ دیہاتوں کو پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فلٹریشن پلانٹوں ، سول ورکس اور دیگر متعلقہ کاموں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ کہ وہ کاموں کی رفتار کو تیز کریں تا کہ جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کو پینے کا صاف اور مناسب پانی دستیاب ہو ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ پانی کی فراہمی کی اسکیموں کے بروقت اور موثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے عمل آوری ایجنسیوں کے مابین بہتر ہم آہنگی کو برقرار رکھیں ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ جن اسکیموں پر کام ٹھپ پڑا ہوا ہے اُن اسکیموں پر کام کو دوبارہ شروع کیا جائے تا کہ لوگوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ایم ایل اے چاڈورہ نے اس موقع پر کہا کہ ان کے حلقے میں پانی کی فراہمی کی کچھ اسکیمیں مکمل ہونے کے قریب ہیں اور ان پر افسران کی توجہ کی ضرورت ہے تا کہ وہ عوامی استعمال کیلئے وقف کی جا سکیں ۔ ایم ایل ایز نے اپنے اپنے حلقوں سے متعلق پانی کی فراہمی اور آبپاشی سے متعلق مختلف امور اٹھائے اور ان پر وزیر موصوف کی فوری توجہ کا مطالبہ کیا ۔ افسران نے یقین دلایا کہ زیادہ تر واٹر سپلائی اسکیمیں تکمیل کے قریب ہیں اور انہیں جلد ہی عوام کے نام وقف کیا جائے گا ۔