رانا نے جموں میں سیلاب سے متاثرہ واٹر سپلائی کی بحالی کا جائیزہ لیا

’’سیلاب سے متاثرہ واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے تیز رفتار کوشزشیں جاری ‘‘

جموں//سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی بھالی کیلئے فعال کوششوں کے تحت وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات ، ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے اعلیی سطح اجلاس کی صدارت کی جس میں اعلیٰ حکام ، اراکین قانون ساز اور ضلعی سربراہان شریک تھے ۔ اجلاس کا بنیادی مقصد حالیہ سیلاب کے نتیجے میں متاثرہ واٹر سپلائی خدمات کی بحالی کا جائیزہ لینا اور اسے تیز کرنا تھا ۔ اجلاس میں ڈی ڈی سی چئیر پرسن بھارت بھوشن ، اراکین قانون ساز چودھری وکرم رندھاوا ، ارون گپتا ، شام لال شرما ،ڈاکٹر نریندر سنگھ کے علاوہ سینئر افسران بشمول ڈپٹی کمشنر جموں ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ، چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی ، جل شکتی اور یو ای ای ڈی جموں ، نیز سپرنٹینڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز شریک ہوئے ۔ اجلاس کے دوران وزیر کو جاری بحالی کی کوششوں ، اب تک کی پیش رفت ، درپیش چیلنجوں اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے اور معمول کی واٹر سپلائی بحال کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ مسٹر رانا نے خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کی بحالی کی فوری ضرورت پر زور دیا تا کہ رہائشیوں کو صاف پینے کا پانی میسر ہو ۔ وزیر نے فوری طور پر واٹر ٹینکرز کو ان علاقوں میں تعینات کرنے کی ہدایت دی جہاں پانی کی فراہمی شدید طور پر متاثر ہوئی تھی ۔ انہوں نے چیف انجینئر کو بحالی کے کاموں کی تقسیم کی نگرانی اور افرادی قوت کو منطقی طور پر استعمال کرنے کی ہدایت دی تا کہ بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے ۔ اجلاس میں شریک قانون سازوں نے اپنے حلقوں سے متعلق مخصوص چیلنجز اٹھائے اور بحالی کے کام کو تیز کرنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے ان علاقوں کی نشاندہی کی جہاں پانی کی فراہمی شدید طور پر متاثر ہوئی تھی اور فوری عمل کی اپیل کی ۔ وزیر موصوف نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے درکار مشینری کو بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سیلاب سے متاثرہ پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو جلد از جلد بحال کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔