وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے وقت کی پابندی کے ساتھ بھرتی کے عزم کا اعادہ کیا

رام گڑھ میں 307.12 لاکھ روپے کے سیاحتی منصو بے مکمل اور ایک زیرِ تکمیل۔ وزیرا علیٰ

جموں//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ایوان کو بتایا کہ رام گڑھ حلقہ میں کیپکس بجٹ کے تحت مجموعی طور پر 307.12 لاکھ روپے کی لاگت سے تین سیاحتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ ایک منصوبہ اس وقت زیرِ تکمیل ہے۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر دیویندر کمار منیال کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے جو اُن کی جانب سے رُکن اسمبلی سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے وقفہ سوالات کے دوران پوچھا تھا۔ایوان کو بتایا گیا کہ سال 2026-27 کے لئے ٹورازم ڈیولپمنٹ پلان ابھی تک مرتب نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم، رام گڑھ حلقہ کے لئے نئے منصوبوں پر 2026-27 میں غور کیا جائے گا بشرطیکہ وہ مقررہ سیاحتی معیارات کے مطابق قابلِ عمل ہوں، فنڈز کی دستیابی ہو اور ضروری منظوری حاصل ہو۔ وزیراعلیٰ جن کے پاس سیاحت کا قلمدان بھی ہے ، نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ سدھ گوریا مندر کی ترقی اور خوبصورتی کے لئے کیپکس بجٹ کے تحت 123.41 لاکھ روپے منظور کئے گئے تھے۔ ان کاموں میں اردگرد کے علاقے کی خوبصورتی، پارکنگ کی سہولیات اور بیت الخلأ بلاکوں کی تعمیر، ایک تالاب کی ترقی، ہائی ماسٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر متعلقہ کام شامل تھے۔ اُنہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ عملی طور پر مکمل ہو چکا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بابا چملیال زیارت گاہ کی ترقی کے لئے کیپکس بجٹ کے تحت 100 لاکھ روپے منظور کئے گئے تھے۔ منظور شدہ کاموں میں فرش اور راستوں کی تعمیر، لائٹس کی تنصیب اور دیگر متعلقہ کام شامل تھے جو مکمل ہو چکے ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ محکمہ ہربرس سدھ گوریا مندر اور بابا چملیال زیارت گاہ کے سالانہ میلے کی تشہیر فلیکس ہورڈنگز، اخباری اِشتہارات اور کتابچوں کے ذریعے کرتا ہے تاکہ مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔اُنہوں نے گنگا ماتا مندر، بانو مندر اور رام مندر سمیت دیگر مذہبی مقامات کے بارے میں کہا کہ ان کی ترقی پر مستقبل میں غور کیا جائے گا، بشرطیکہ وہ قابلِ عمل ہوں، فنڈز دستیاب ہوں اور ضروری منظوری حاصل ہو۔