سکینہ اِیتو نے جموں و کشمیراسمبلی میں’ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے قیام کا بِل‘ پیش کیا

رام گڑھ حلقہ اِنتخاب کے نو سکولوں میں بنیادی ڈھانچے سہولیات کی فراہمی کیلئے 68.34 لاکھ روپے کی منظوری۔ سکینہ اِیتو

کہا،پرائمری سطح پر صد فیصد داخلہ یقینی بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں

جموں//وزیر برائے تعلیم سکینہ ایتو نے اسمبلی میں بتایا کہ رام گڑھ حلقہ کے تحت سماگراہ شکھشا کے تحت 9 سکولوں میں مختلف بنیادی ڈھانچہ سہولیات کی فراہمی کے لئے 68.34 لاکھ روپے کی مالی منظوری دی گئی ہے ۔ وزیرموصوفہ نے یہ بات آج ایوان میں ممبر اسمبلی بلونت سنگھ منکوٹیہ کی جانب سے ایم ایل اے ڈاکٹر دیویندر منیال کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کے جواب میں کہی ۔ سوال سرحدی علاقوں میں سکولوں کے بارے میں تھا ۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بچوں کو سکول لانے اور پرائمری سطح پر صد فیصد انرولمنٹ یقینی بنانے کیلئے متعدد اقدامات شروع کئے ہیں ۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ سکولوں میں کم ہوتی ہوئی داخلہ کی شرح کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں ڈی ایس ای جے /کے کی طرف سے داخلہ مہمات کا انعقاد ، گھر گھر سروے کے ذریعے سکول سے باہر بچوں کی شناخت اور انہیں براہ راست داخلے کے ذریعے مین اسٹریمنگ اور قبائلی مہاجر آبادی کے بچوں کیلئے موسمی مراکز کا قیام شامل ہے تا کہ نقل مکانی کے دوران تعلیمی عمل میں خلل نہ پڑے ۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ تقریباً 8 لاکھ بچوں کو مفت یونیفارم اور درسی کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں ، پری پرائمری سیکشن سے لیکر کلاس آٹھویں تک ہر بچے کو پی ایم پوشن کے تحت مڈ ڈے میل دیا جا رہا ہے اور بیٹی انمول اسکیم کے تحت سینئر سیکنڈری سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کیلئے لڑکیوں کو وظائف بھی دئیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سکولوں کے انضمام کی وجہ سے خالی ہونے والی سکول عمارتیں اور زمین متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو دیگر محکموں کے استعمال کیلئے منتقل کر دی گئی ہیں ۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ سکولوں کو اگلی سطح پر اپ گریڈ کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے جن میں بارڈر علاقوں کے سکول بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی موجودہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کی کوئی تجویز آئے گی تو بارڈر علاقوں کے قابل سکولوں کا بھی جائیزہ لے کر غور کیا جائے گا ۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ سانبہ ضلع کے بارڈر گاؤں کے 9 سکولوں کو وائبرنٹ ولیج پروگرام دوم کے تحت انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کے لحاظ سے اپ گریڈ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔