جموں// رام نگر حلقہ میں سپورٹس اِنفراسٹرکچر کی سرگرمیوں کے لئے 45.824 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔وزیر برائے خوراک ،شہری رسدات و اَمور صارفین، ٹرانسپورٹ، آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی، اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ جات ستیش شرما نے یہ معلومات ایوان میں ڈاکٹر سنیل بھردواج کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں دیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس کے علاوہ راجہ رام سنگھ سٹیڈیم کو کثیر المقاصد کھیلوں کے سٹیڈیم رام نگر میں اَپ گریڈ کرنے کا کام جاری ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’اَب تک جاری کردہ 17 لاکھ روپے میں سے 5.73 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ اِس منصوبے کے لئے کُل منظور شدہ بجٹ20 لاکھ روپے ہے۔ یہ کام زیر تکمیل ہے اور اکتوبر 2026 ء کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔‘‘وزیر موصوف نے کہا کہ خطے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مساوی ترقی کے لئے اَقدامات کئے جا رہے ہیں اور جب محکمہ میں کوئی تجویز آئے گی تو فنڈز کی دستیابی اور اس میں تکنیکی رپورٹس کی بنیاد پر مناسب وقت پرنئے مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’محکمہ باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلے، کوچنگ کیمپ، نوجوانوں کی شمولیت کے پروگرام اور بیداری سرگرمیاں منعقد کرتا ہے تاکہ کھیلوں کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے اور حلقہ میں باصلاحیت نوجوانوں کی نشاندہی اور اُن کی تربیت کی جا سکے۔ کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں نوجوانوںکی زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے لئے سکولوں اور کمیونٹی کھیل میدانوں میں سہولیات کو مضبوط بنانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔‘‘اِس موقعہ پراراکینِ اسمبلی آر ایس پٹھانیہ اور بلونت سنگھ منکوٹیہ نے بھی ضمنی سوالات اُٹھائے۔










