رام نومی کا تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا

رام نومی کا تہوار عقیدت و احترام کے ساتھ منایاگیا

سونہ وار سرینگر میں درگاناتھ مندر میں پوجا پاٹ کا انعقاد

سری نگر//کشمیری پنڈتوںنے سونہ وار سرینگر میں درگاناتھ مندر رام نومی کی پوجا انجام دی۔ کے این ایس کے مطابق کیلنڈر کے حساب سے رام نومی کی پوجا 12اکتوبر کو ہوتی ہے لیکن وادی میں پے درپے شہری ہلاکتوں اور تنائو کے دوران انتظامیہ نے پوجا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ یہ تہوار بھگوان شو کے ساتویں اوتار بھگوان رام کے یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔ درگاناتھ مندر کے منیجر مکھن لال کول کاکہنا ہے کہ شہر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے غیر یقینی اور پْرتنائو حالات کے سبب انتظامیہ نے پوجا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ انہوںنے کہاکہ کلینڈر کے مطابق پوجا 12اکتوبر کو ہوتی ہے لیکن کشیدہ حالات کے بیچ پوجا مقررہ دن پر منعقد نہیں کی جاسکی۔ انہوںنے کہاکہ وہ اس بات کیلئے خوش ہے کہ پوجامقررہ تاریخ کے ایک روز بعد ہوئی جس میں عقیدت مندوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں کم تھی۔ انہوںنے کہاکہ ”تمام مشکل حالات اور تنائو کے باوجود آخر کار پوجا کا انعقاد کیاگیا جس کیلئے نہ صرف وہ بلکہ عقیدت مند بھی بہت خوش ہیں”۔اڑیشہ سے آئے ایک عقیدت مند رام پال کپور نے کہاکہ وہ اوراس کا کنبہ گزشتہ9برسوں سے رام نومی پوجا کرنے کیلئے آتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ”ہم نے کبھی بھی کشمیر کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیااور دورہ کرنے کیلئے کشمیر محفوظ ہے”۔ کشتواڑ سے آئے ایک اور عقیدت مند نے کہاکہ کشمیر میں ہلاکتوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے اور تمام فرقہ کے لوگ امن اور مذہبی ہم آہنگی سے رہے۔ اس دوران وزیراعظم نریندرمودی اور ان کے وزراسمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماں نے مہانومی کے موقعہ پر عوام کو جمعرات کو مبارکباد دی۔وزیراعظم مودی نے ٹویٹ کیا، نوراتری میں مہانومی کے مقدس موقع پر ماں سدھی داتری کی پوجا ارچنا ہوتی ہے۔ میری دعا ہے کہ ان کے آشیرواد سے ہرکسی کو(سِدھی) اپنے مقاصدمیں کامیابی حاصل ہو۔وجے دشمی سے ایک دن پہلے درگا پوجا کے اس نوویں دن میں برائی پر اچھائی کی فتح کا جشن منایا جاتا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی اس خاص موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔وزیر دفاع نے ٹویٹ کیا ، آپ سب کو مہانومی کی بہت بہت مبارکباد۔ آپ کو ترقی ، خوشحالی اور اچھی صحت حاصل ہو ، یہ میری ماں سے دعاہے۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے لکھا ، مہانومی کے مبارک موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباددی۔کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے نوراتری پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ، تمام اہل وطن کو مہانومی کی بہت بہت مبارکباد دی۔