رام ناتھ کووند کا کشمیرکی صورتحال پرا ظہار اطمینان

سری نگر//جموں و کشمیر پولیس کے مطابق سرینگر کے راج بھون میں سوموارکی شام حالات حاضرہ سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران صدر جمہوریہ رام ناتھ کووندنے کشمیر کی صورتحال پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے زور دیا کہ عوام کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنایا جائے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کوونڈ نے پیر کے روز جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں واقع راج بھون میں ایک اعلیٰ سطح کی یونیفائیڈ کمانڈ کی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں سیکیورٹی فورسز کے تمام اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔جموں و کشمیر پولیس کے ایک سینئر آفیسر کاحوالہ دیتے ہوئے ایک نجی نیوزچینل نے رپورٹ کیاکہ یونیفائیڈ کمانڈ کی میٹنگ کے دوران صدر جمہوریہ نے کشمیر کی صورتِحال پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے زور دیا کہ عوام کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنایا جائے۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ، فوج کی 15ویں کور کے جی اؤ سی لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے، آئی جی پی کشمیر وجے کمار، جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری ڈاکٹرارون کمار مہتا کے علاوہ بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے آئی جی پیزبھی موجود تھے۔ پولیس کے سینئرآفیسر کا کہنا تھا کہ صدررام ناتھ کووند کو دفعہ370 کے خاتمے کے بعدکشمیر وادی کی صورتحال کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن بھی دی گئی جس میں جنگجومخالف کارروائیوں،سرحدی صورتحال اور سرحدپار سے ہونے والی در اندازی کے حوالے سے تفصیلی تذکرہ کیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں مزیدبتایاگیاکہ صدررام ناتھ کووندنے اعلیٰ سطح کی یونیفائیڈ کمانڈ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان کی صورتحال کوقائم رکھنے اورحالات میں مزید بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ عام آدمی یعنی عوام کیساتھ رابطوں اورتعلقات کومزید بہتر اورمستحکم بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ امن کااحساس عوام کوہونا چاہئے ،تاکہ اُن کااعتماد بحال ہوسکے اوروہ بھی قیام امن کیساتھ ساتھ تعمیروترقی میں اپنارول اداکریں ۔