راجیو رنجن نے اودھمپور میں میگا عوامی رَسائی پروگرام کی صدارت کی

اَفسران کو عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کی ہدایت

اودھمپور//سیکرٹری ریونیوسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ کمار راجیو رنجن نے اودھمپور کے ڈِی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں ایک میگاعوامی رَسائی پروگرام کی صدارت کی۔ اِس پروگرام کا مقصد عوامی مسائل اور شکایات کا اَز خود جائزہ لینا تھا۔عوامی دربار میںضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجندر سنگھ، ڈِی ڈِی سیز، آئی اے ایس پروبیشنر سواتی شیمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جوگندر سنگھ جسروٹیہ، اے سی آر ڈاکٹر امیش شان، سی پی او محمد اِقبال، سابق قانون ساز ہرش دیو سنگھ، سابق بی ڈی سیز، دیگر افسران اور عام لوگوں نے شرکت کی۔عوامی رَسائی کے پروگرام میں پی آر آئیز اور عام لوگوں کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا۔ عوامی دربار کے دوران پی آر آئی ممبران اور عوام نے اپنے ترقیاتی مسائل اور مطالبات پیش کئے اور بروقت حل کے لئے اِنتظامی سیکرٹری کی مداخلت کامطالبہ کیا۔ اِنتظامی سیکرٹری کو پینے کے پانی کی فراہمی کی کمی، مختلف سڑکوں کی خستہ حالی، گوری مٹی کو سیاحتی نقشے پر شامل کرنے، ٹرانسپورٹ نگر اور گودام کے قیام، جل جیون مشن منصوبوں میں تیزی لانے، لینڈ سیٹلمنٹ، صفائی کرمچاریوں کی ریگولرائزیشن، تمام جاری ترقیاتی کاموں کی کوالٹی چیکنگ،ٹرانسفارمرز کی تنصیب، پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کے لئے زمین کا معاوضہ، پی ایم اے وائی کے تحت بچ جانے والے مستحقین کو شامل کرنا، بٹل بلیاں میں سیمنٹ یونٹوں کی منتقلی، کمزور موبائل سگنل، سرکاری سکولوں میں عملے کی کمی، منریگا کے تحت زیرِاِلتوأ ادائیگی کی واجبات، فٹ اوور برج اور فلائی اوور پُلوں کی تعمیر، گول میلے میں ٹریفک کی بھیڑ، سڑکوں کی دیکھ ریکھ وغیرہ کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔سیکرٹری موصوف ان کے مطالبات اور مسائل کا جواب دیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایات جاری کرکے موقعہ پر ہی کئی شکایات کا اَزالہ کیا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی رابطے کے دوران پیش کی جانے والی تمام شکایات کو فوری طور پر یا مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے۔اُنہوں نے مؤثر اور شفاف عوامی خدمات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اَپنے محکموں کے اندر حقیقی شکایات کو حل کرنے کے لئے لگن اور خلوص کے ساتھ کام کریں۔ اُنہوںنے اَفسروں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ مرکزی حکومت اورجموںوکشمیر یوٹی کی حکومت کے ذریعے شروع کی گئی آمدنی پیدا کرنے والی اور اِستفادہ کنندگان پر مبنی سکیموں کے بارے میں مطلع کریں۔راجیو رنجن نے ضلع کی سطح پر عوامی مطالبات کو ترجیح دینے اور حل کرنے اور مزید غور و خوض کے لئے حل طلب مسائل پر تفصیلی رِپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے شرکأکو یقین دِلایا اور بہتر حکمرانی طریقوں کے نفاذ اور ان کے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لئے عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے انتظامیہ کے عزم پر زور دیا۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور سلونی رائے نے شرکأ کا خیرمقدم کیا اور سیکرٹری کو ضلعی پروفائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوامی دربار میں شرکت کرنے پر تمام شرکأ کا شکریہ اَدا کیا۔