جموں/ /ضلع راجوری کے نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی دوبہنوں ودھوسی شرما اور نندنی شرما نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کا طلبا ء کو نفسیاتی سماجی نگہداشت فراہم کرنے کے بارے میں ان کی تجاویز پر غور کرنے کے لئے شکریہ اَدا کیا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ وہ لیفٹیننٹ گورنرکے بے حد شکرگزار ہیں جو مختلف مسائل پر لوگوں کے خیالات کو سنتے اور ان کا احترام کرتے ہیں۔وِدوشی شرما جو سوشل ورکس میں پوسٹ گریجویٹ ہیں اور ایک سماجی کار کن بھی ہیں ، نے کہا کہ ان کی تجویز یہ تھی کہ طالب علموں کو ابتدائی مرحلے میں نفسیاتی سماجی سپورٹ شامل کیا جائے تاکہ وہ ذہنی صحت کو اہمیت دے سکیں اور اَپنے جذبات کو منظم کرنا اور اَپنی زندگی میں ذہنی صحت کے حوالے سے مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرنا سیکھ سکیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ان کی تجاویز کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت ذہنی تندرستی کو خاص اہمیت دیتی ہے اور طلباء کو نفسیاتی سماجی مدد فراہم کرنے کی ضرورت کو پوری طرح سمجھتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے 20 ؍ فروری کو ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ کو جموںوکشمیر کے نوجوان کامیابی حاصل کرنے والوں کے لئے وقف کیا تھا۔










