جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے’’ یوم راجوری‘‘ کے موقعہ پر اِنڈین آرمی کے جوانوں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے1948میں کے دِن راجوری کی آزادی کے لئے اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔راجوری میں ایک یادگاری تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ جی او سی۔ان۔چیف ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار، وائٹ نائٹ کورلیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا موجود تھے اورفوج کے سابق فوجیوں، عوامی نمائندے، سیکورٹی فورسز ، جموںوکشمیر پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران نے تمام بہادر فوجیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی بہادری اور اعلیٰ ہمت کو ان کی بے مثال جرأت، فرض شناسی اور مادرِ وطن سے بے مثال محبت کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اُنہوں نے کہا ،’’ فرض کے تئیں مثالی لگن اور سپاہیوں کی قربانیوں نے ماضی میں ہمیشہ ہماری حفاظت کی ہے اور ملک کی سا لمیت اور خودمختاری کے لئے ان کی وابستگی مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ قوم حقیقی ہیروز کی انمول قربانیوں کے لئے شکر گزار ہے جو اُنہوں نے دی ہیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے لیفٹیننٹ رام رگھوبا رانے اور بریگیڈیئر محمد عثمان جیسے عظیم سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی بہادری راجوری کی مٹی میں نقش ہے۔اُنہوں نے کہا،’’راجوری کی یہ سرزمین ہمارے بہادروں کے عزم اور ان کے عمل کے کمال کی گواہ ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ ان تمام ہیروز کی زندگی کی اقدار کو اپنانے کا بھی موقع ہے جنہوں نے شہریوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج کا موقعہ نئی نسل کے نوجوانوں میں ان بہادر جوانوں کی اقدار کو بیدار کرنے کا بھی ہے جنہوں نے راجوری میں پیدا ہونے والے بحران کا بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ انڈین آرمی کی ناقابلِ تسخیر طاقت اور قربانیوں کی یہ روایت آج بھی قوم کی وحدت اور خودمختاری کی محافظ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’گوروگوبند سنگھ جی نے اسی دن خالصہ پنتھ کی بنیاد رکھی تھی، جن کی تعلیمات آج بھی فوجی جوانوں کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کا فلسفہ اور اقدار اِنڈین آرمی کے بہادر سپاہیوں کی تشکیل کرتے ہیں اور انہیں قربانی، لگن، بہادری اور قربانی کی ترغیب دیتے ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہوں اور ایسے عناصر کو الگ تھلگ کریں جو امن و ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔اُنہوں نے دہشت گردی کے خلاف متحد کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سماج کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ تقسیم کرنے والی قوتوں کی شناخت کریں اور انہیں الگ تھلگ کریں اور دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کے خلاف جنگ میں شامل ہوں۔تقریب کے دوران راجوری کی آزادی کے 77 سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ کور جاری کیا گیا۔موٹر سائیکل ایکروبیٹکس اور ثقافتی پروگرام کے ذریعے سیکورٹی فورسز اور پولیس کی صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔تقریب میں چیئرمین ڈی ڈی سی چودھری نسیم لیاقت، ارکان قانون ساز اسمبلی افتخار احمد، ٹھاکر رندھیر سنگھ اور چودھری جاوید اقبال۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، شہدأکے اہل خانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بہادروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔










