راجوری میں 2عدم شناخت شدہ جنگجو ہلاک

راجوری//سرحدی ضلع راجوری کے تھانہ منڈی علاقہ میں تلاشی کارروائی کے دوران ہوئے خونین تصادم میں 2عدم شناخت شدہ جنگجو ہلاک ہوگئے ۔آئی جی پی جموں مکیش سنگھ نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ3سے4جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی جب سیکورٹی فورسزنے یہاں جنگجومخالف آپریشن عمل میں لایاتو2جنگجومارے گئے جبکہ علاقہ میں مزید جنگجوئوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر آپریشن جاری ہے۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ جنگجوئوںکے چھپے ہونے سے متعلق اطلاع ملتے ہی راجوری پولیس ،ایس ائوجی ،فوج اورفورسز نے جمعہ کوعلی الصبح اس سرحدی ضلع کے تھانہ منڈی علاقہ کامحاصرہ کیا۔ذرائع نے بتایاکہ جب سیکورٹی فورسزکے دستے ایک مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچے تویہاں موجودجنگجوئوںنے فائرنگ شروع کردی ،جسکے بعدفوج ،فورسزاورایس ائوجی اہلکاروںنے مورچے سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی عمل میں لائی ۔ذرائع کے مطابق طرفین کے درمیان شدیدگولی باری کاسلسلہ شروع ہوگیا ،جس دوران مزیدسیکورٹی کمک طلب کرکے اس پورے علاقے کامحاصرہ مزیدسخت کردیاگیا تاکہ یہاں موجودجنگجوئوںکو فرارہونے کاکوئی بھی موقعہ یاراستہ نہ ملے۔انہوںنے بتایاکہ سیکورٹی اہلکاروں اورجنگجوئوں کے درمیان ہونے والی اس جھڑپ کے دوران2عدم شناخت شدہ جنگجومارے گئے ،جن کی نعشوں اوراسلحہ وگولی بارود کوجائے جھڑپ سے برآمدکیاگیا ۔جموں زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں تھنہ منڈی راجوری میں جنگجوئوں اورسیکورٹی فورسزکے درمیان جھڑپ ہونے کی تصدیق کی ۔پولیس نے ٹویٹ میں مزید بتایاکہ جنگجوئوں سے سامنا ہونے کے بعداس پورے علاقے کامحاصرہ مزید سخت کیاگیا اوراس کیلئے سیکورٹی فورسزکی مزیدکمک وہاں روانہ کی گئی ۔ آئی جی پی جموں مکیش سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع راجوری کے تھانہ منڈی علاقے میں سکیورٹی فورسز کو 3 تا 4جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع موصول ہوئی،جسکے بعدجمعہ کوعلی الصبح وہاں آپریشن شروع کیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ انکاونٹر میں تاحال2جنگجو ہلاک ہوئے ہیں،اورآپریشن جاری ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس جموں زون کاکہناتھاکہ علاقہ میں ممکنہ طورپر مزید جنگجو چھپے ہوئے ہیں ،اسلئے پورے علاقے کومحاصرے میں رکھاگیا ہے اوروہاں جنگجومخالف آپریشن جاری ہے ۔