راجوری میں فاریسٹر اور فاریسٹ گارڈ 40ہزار کی رشوت لینے پر گرفتار

سری نگر//اینٹی کورپشن بیورو نے راجوری میںمحکمہ جنگلات کے فاریسٹر کو40ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے فاریسٹ گارڈ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔اے سی بی کے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ راجوری میں ایک خاتون کے بھائی کے خلاف جھوٹے اور معمولی شکایت کے معاملہ میں فاریسٹر اعجاز مرزا اور فاریسٹ گارڈ انیل کمار 40ہزار روپے کی رشوت کی مانگ کررہے تھے۔ ڈی ایف او راجوری نے موقع پر معائنہ اور رپورٹ کیلئے شکایت کو رینج آفیسر کو بھیج دی۔ اے سی بی نے بیان میں مزیدکہا کہ شکایت کنند ہ کی درخواست پر اُس کے بھائی نے معاملہ کی تحقیقات کررہے محکمہ جنگلات کے عہدیداروںسے رابطہ کیا جنہوںنے معاملہ کے فوری نپٹارے کیلئے اس کی بہن کے خاندان سے رشوت کی رقم دینے کی مانگ کی۔کے این ایس کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا کہ شکایت کے مندرجات کی تصدیق کے بعدفاریسٹ گارڈ انیل کمار اور فاریسٹر اعجاز مرزا کیخلاف ایف آئی آر درج کیاگیا۔ اے سی بی نے ٹیم تشکیل دے کر فاریسٹ گارڈ کو شکایت کنندہ سے 40ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بعدمیں دوسرے ملزم اعجاز مرزا کو بھی رشوت دینے کے معاملے میں گرفتار کیاگیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔ اے سی بی نے بیان میںمزید کہا کہ متعلقہ افسران کے دفاتر اور دونوں ملزمین کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی جبکہ معاملہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ (کے این ایس)