راجوری میں ایک مندر کے نزدیک دھماکہ جیسی آواز سنی گئی، تحقیقات شروع

جموں، 29 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں گذشتہ شب دیر گئے ایک مندر کے نزدیک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی جس کی تحقیقات کے لئے پولیس اور فوج کی ایک ٹیم جٹ گئی ہے۔

سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضلع راجوری میں واقع کالکا ماتا مندر کے نزدیک گذشتہ شب دیر گئے ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سنی گئی تاہم اس واقعے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ متعلقہ پولیس اسٹیشن کی ایک پارٹی واقعہ رونما ہونے کے فوراً بعد جائے موقع پر پہنچ گئی تاہم اعلیٰ حکام کی ایک ٹیم جس میں ایس ایس پی راجوری چندن کوہلی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرس، متعلقہ ایس ایچ اور فوج کے 48 آر آر اور 156 ٹی اے کی ایک ٹیم شامل ہے، نے جمعے کی صبح جائے واردات کا دورہ کیا اور تحقیقات شروع کیں۔

ایس ایس پی راجوری چندن کوہلی نے کہا کہ اس دھماکے کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم دھماکے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔

امت شرما نامی ایک مقامی نوجوان نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘کل رات کو ہمیں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنائی دی۔ صبح معلوم ہوا کہ یہ دھماکہ مندر کے صحن میں ہوا ہے’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘پولیس کو کچھ آہنی ذرے بھی ملے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں پولیس پتہ لگائے کہ اس دھماکے کے پیچھے کن شرارتی عناصر کا ہاتھ ہے’۔

ساحل پنڈت نامی ایک اور نوجوان نے کہا کہ اگر ملوثین کو چار دنوں کے اندر نہیں پکڑا گیا تو ہم احتجاج کریں گے، ہم مندر پر کوئی بھی حملہ برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا: ‘ہمیں نہیں پتہ یہ دھماکہ گرینیڈ یا کوئی دوسری دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا ہے۔ یہ دھماکہ ایک مندر کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا۔ اس دھماکے کی وجہ سے یہاں ڈر کا ماحول بن گیا ہے۔ یہ علاقہ پہلے ملی ٹینسی کا گڑھ تھا’۔