’رابطہ ‘عوامی فلاح و بہبوداورجوابدہ حکمرانی کیلئے حکومت کے مسلسل عزم کا عکاس ہے۔ سکینہ اِیتو

’رابطہ ‘عوامی فلاح و بہبوداورجوابدہ حکمرانی کیلئے حکومت کے مسلسل عزم کا عکاس ہے۔ سکینہ اِیتو

سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے عوامی رابطہ پروگرام ’’رابطہ‘‘کے تحت سول سیکرٹریٹ سری نگر میں متعدد عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی۔وزیر موصوفہ نے آ ئے ہوئے وفود کی طرف اُٹھائے گئے مختلف عوامی شکایات اور ترقیاتی مسائل کو بغور سُنا۔مختلف اَضلاع اور حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے اِن فود نے سڑک رابطے ، صحت سہولیات ، واٹر سپلائی اور سماجی بہبود کی سکیموں سے متعلق مسائل وزیر موصوفہ کو گوش گزار کئے اور ان کے بروقت اَزالے کا مطالبہ کیا۔سکینہ اِیتو نے عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’رابطہ‘‘ ہماری حکومت کی عوامی فلاح و بہبود اور جوابدہ طرز ِحکمرانی کے لئے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے عوامی رابطہ پروگرام حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لئے نہایت اہم ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں جہاں وہ اَپنے حقیقی مسائل حکومت کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں عوام کی آواز سنی جا رہی ہے اور اُن پر عمل کیا جا رہا ہے۔سکینہ اِیتو نے وفود کو یقین دِلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو فوری طور پر متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھا کر حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔دریں اثنا، رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ریٹائرڈ) حسنین مسعودی نے بھی وزیر موصوفہ سے ملاقات کی اور اَپنے حلقہ پانپور سے متعلق مختلف عوامی مسائل سے اُنہیں آگاہ کیا۔