دیہی علاقوں میں ترقیاتی خلاء کو پُر کرنے کیلئے تمام ضروری خدمات تک مساوی رسائی فراہم کرنا ہے ۔ سکینہ

دیہی علاقوں میں ترقیاتی خلاء کو پُر کرنے کیلئے تمام ضروری خدمات تک مساوی رسائی فراہم کرنا ہے ۔ سکینہ

کلگام میں اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا

کلگام//وزیر صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے کلگام ضلع کا ایک وسیع دورہ کیا ، جس کے دوران انہوں نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور متعدد عوامی سہولیات کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کلگام میں سکینہ ایتو نے ایم ایل اے کلگام ایم وائی تاریگامی اور ایم ایل اے دیو سر پیر زادہ فیروز احمد کی موجودگی میں ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس کی بنیاد رکھی ۔ اس کے بعد وزیر نے چمگنڈ کلگام میں ہیلتھ اینڈ ویلنس سینٹر کا افتتاح کیا ۔ افتتاح کے بعد انہوں نے سینٹر کی مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور صحت کی سہولیات کا معائینہ کیا ۔ دریں اثنا وزیر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ڈی کے مرگ نور آباد کلگام میں لائیبریری بلاک ، کمپیوٹر لیب ، آرٹ اینڈ کرافٹ لیب کا افتتاح بھی کیا ۔ وزیر نے جی ڈی سی ڈی ایچ پورہ میں گرلز کامن روم اور اسی کالج کے قریب ٹیچرز کوارٹرز کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ بعد میں وزیر نے اہم روڈ پروجیکٹس جیسے پھلی پورہ واٹو روڈ اور کُٹمارگ ۔ زین دار ۔ ٹھوکر پورہ روٖڈ کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ کُٹمارگ میں وزیر نے ایک بڑے پبلک دربار سے خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں سکینہ ایتو نے زور دیا کہ یہ ترقیاتی اقدامات حکومت کی ترجیح کو ظاہر کرتے ہیں کہ دیہی علاقوں میں ترقیاتی خلاء کو پُر کرنے اور ضروری خدمات تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم میں بہتری پائیدار ترقی اور طویل مدتی کمیونٹی کو بااختیار بنانے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ حکومت شفاف ، احتساب پذیر اور عوام پر مبنی گورننس فراہم کرنے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔ ہماری مسلسل توجہ عوامی خدمات کو بہتر بنانے ، انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ ہر شہری حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے مستفید ہو ۔ ‘‘ مقامی افراد نے تیزی سے ترقی کیلئے وزیر کا شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ یہ عوامی دربار حکومت اور عوام کے درمیان خلیج کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ انہیں شکایات کے حل کیلئے براہ راست پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں ۔