دہلی دھماکے میں جاں بحق مزدور

بلال احمد سانگو کی میت آبائی گاؤں پہنچی، وادی میں غم کی فضا

سرینگر//وی او آئی//وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے کانگن علاقے ونگت میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی جب دہلی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان مزدور بلال احمد سانگو کی میت بدھ کو اس کے آبائی گاؤں بابا نگری لائی گئی۔ 28 سالہ بلال احمد سانگو 10 نومبر کو دہلی کے ریڈ فورٹ کے قریب ہوئے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل تھا۔ اہل خانہ نے دہلی میں اس کی تلاش کے بعد اس کی شناخت کی۔ بلال کئی برسوں سے دہلی میں محنت مزدوری کر رہا تھا۔ وہ آٹو رکشہ چلاتا اور دیگر مزدوری کے کام کرتا تاکہ اپنے گھر والوں کی کفالت کر سکے۔ رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے کہا کہ وہ بہتر مستقبل کی امید لے کر گھر سے نکلا تھا لیکن تابوت میں واپس آیا۔ جب میت گاؤں پہنچی تو دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے کو ملے۔ بابا نگری کی تنگ گلیوں میں آہ و بکا کی صدائیں گونج اٹھیں۔ ونگت اور ملحقہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ آخری رسومات میں شریک ہوئے اور غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ مقامی لوگوں اور اہل خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق مزدور کے خاندان کو معقول معاوضہ اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے تاکہ وہ اس صدمے کے بعد سہارا پا سکیں۔