بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں ہوگی ، مودی حکومت شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم / ترون چھگ
سرینگر // جمو ں کے ڈوڈہ ضلع میں پانچ فورسز اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر انچارج ترون چھگ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان کو اس کے برے اعمال کی بھاری قیمت چکانی پڑے۔ سی این آئی کے مطابق ڈوڈہ جنگلات میں مسلح تصادم آرائی کے دوران چار فوجیوں اور ایس او جی اہلکار کی ہلاکت کے بعد بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر انچارج ترون چھگ نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کیلئے پاکستان کی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کا خوفناک ردعمل ہے۔انہوں نے کہا ’’ ہم فوجی ٹیم پر ملی ٹنٹ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ پوری قوم ان کی قربانی پر سوگ منانے کیلئے کھڑی ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ پاکستان کو سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کرنے کے خلاف سخت انتباہ پیش کرتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ چھگ نے کہا ’’ ہم دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان کو اس کے برے اعمال کی بھاری قیمت چکانی پڑے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اپنے شہریوں کے تحفظ اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اور پاکستان کے دہشت گردی کے ہتھکنڈوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔چھگ نے مزید کہا’’یہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کو متاثر کرنے کیلئے پاکستان کے زیر اہتمام دہشت گردوں کا خوفناک ردعمل ہے جسے فیصلہ کن شکست دی جائے گی‘‘۔










