این ایس جی نے ملک میں منظم جرائم اور دہشت گردی کے خلاف بہت اہم جنگ لڑی ہے / امیت شاہ
سرینگر/ سی این آئی // آپریشن سندور نے پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کے ہیڈکوارٹر، ٹریننگ سینٹروں اور لانچ پیڈس کو تباہ کر دیا کی بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے لیے اب کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔سی این آئی کے مطابق انسداد دہشت گردی’’’بلیک کیٹ ‘‘کمانڈو فورس نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کے 41 ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے ہر عمل کو سزا دینے کے لیے زمین کی گہرائیوں تک جانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا ’’ آپریشن سندور نے پاکستانی دہشت گردی کے ہیڈکوارٹروں، ان کے تربیتی مراکز اور لانچ پیڈس کی تباہی کو یقینی بنایا ہے. اور آپریشن مہادیو میں، ہماری سیکورٹی فورسز نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے درست کارروائی کی‘‘۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔شاہ نے کہا کہ اگر کوئی دفعہ 370 (جس نے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دیا تھا) کو ختم کرنے سے لیکر سرجیکل اسٹرائیک، ایئر اسٹرائیک اور آپریشن سندور تک دہشت گردوں کے خلاف حکومت کی مہم کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہو جائے گی کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردوں اور دہشت گرد گروپوں کی جڑوں پر کاری ضرب لگا چکے ہیں۔انہوں نے کہا ’’دہشت گرد چاہے کہیں بھی چھپے ہوں، ہماری سیکورٹی فورسز نے ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گردوں کے لیے اب کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔ ہمارے فوجی دہشت گردی کے ہر عمل کو سزا دینے کے لیے زمین کی گہرائیوں تک جانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ سال 2019 سے، مرکزی حکومت نے ملک کو دہشت گردی کے خطرات سے بچانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ان میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ایکٹ میں ترامیم شامل ہیں، اس کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی فعال طور پر پیروی کرنا شامل ہے تاکہ دہشت گرد گروپوں کی فنڈنگ کی تحقیقات کی جاسکیں۔شاہ نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کی فنڈنگ کی سائنسی تحقیقات کے لیے ایک نظام بھی قائم کیا ہے، دہشت گرد گروپ پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی لگا دی ہے، اور ملک بھر میں دہشت گرد گروپوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے اور ان کا اشتراک کرنے کے لیے ملٹی ایجنسی سینٹر کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا’’پہلی بار، ہم نے نئے فوجداری قوانین میں دہشت گردی کیخلاف کاورارئی کی ہے اور عدالتوں میں پہلے پائے جانے والے خلا کو پْر کیا ہے۔ اب تک، ہم 57 سے زائد افراد اور متعدد تنظیموں کو غیر قانونی قرار دے چکے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ برسوں کے دوران این ایس جی نے ملک میں منظم جرائم اور دہشت گردی کے خلاف بہت اہم جنگ لڑی ہے۔شاہ نے کہا’’این ایس جی کی بہادری کو دیکھ کر، ملک کا ہر شہری محسوس کرتا ہے کہ ملک کی سلامتی بہت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پورے ملک کو این ایس جی کی بہادری پر فخر ہے۔ میں اس کے لیے این ایس جی کے سپاہیوں کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ‘‘ وزیر داخلہ نے این ایس جی کے ایک خصوصی آپریشن ٹریننگ سینٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو 8 ایکڑ پر پھیلے ہوئے علاقے میں 141 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔