گاندربل//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا اور صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے نے مانسبل جھیل کا ایک مکمل دورہ کیا تاکہ وہاں پر چلائے جارہے مختلف دیدہ ٔ ذیبی اور آرائشی کاموں کی پیش رفت کا معائینہ کیا جاسکے۔دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری اور صوبائی کمشنر کشمیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل فاروق احمد بابا اور مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے دیگر اَفسران بھی تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گاندربل جو کہ مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے سی اِی او کا چارج بھی سنبھالے ہوئے ، نے پرنسپل سیکرٹری کو مانسبل جھیل اور اِس سے ملحقہ علاقے کی خوبصورتی کے لئے کئے گئے کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں ۔ اُنہوں نے کہا مانسبل پارک کو ایک خوبصورت تفریحی علاقہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس سے سیاحوں کی آمد میں اِضافہ ہوگا۔پرنسپل سیکرٹری اور صوبائی کمشنر کشمیر نے مانسبل جھیل کے ترقیاتی کاموں بشمول پاو وے کی تعمیر ، سیپٹک ٹینکوں کی تعمیر اور ویسٹ مینجمنٹ پِٹس، ڈیویڈنگ ، ڈیسلٹنگ ، بائو نڈری والز کی تنصیب ، تجاوزات کو ہٹانے اور دیگر متعلقہ کاموں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے کئی مجوزہ ترقیاتی کاموںکا بھی دورہ کیا جن میں مانسبل جھیل کے قریب مجوزہ کار پارکنگ سائٹ ، مجوزہ پیدل چلنے والے راستوں ، پٹواری خانہ پوٹر محلہ سے اِنجینئرنگ کالج صفاپورہ لِنک روڈ تک مجوزہ بائی پاس روڈ شامل ہیں۔بیوٹیفکیشن کے کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے سی اِی او کو مانسبل جھیل کی خوبصورتی کے لئے ایریٹرس لگانے کی ہدایت دی گئی ۔ اِس کے علاوہ ڈیویڈنگ اور ڈریجنگ کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے جھیل اور اس سے ملحقہ علاقوں کی جمالیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مانسبل جھیل ضلع کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور جھیل کی خوبصورتی کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی اور اِس کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ اَفراد کو تعاون سے کام کرنے اور اَپنی کوششوں کو دوگنا کرنے کی تلقین کی تاکہ جھیل کا عمومی ماحول محفوظ رہے اور اِس کی شان و شوکت بحال رہے ۔ اُنہوں نے بالخصوص جھیل کے اَطراف میں رہنے والے لوگوں میں آبی ذخائر کی اندرونی قدرتی اَقدار کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیداکرنے پر بھی زور دیا۔










