جموں// دُرگا نگر ویلفیئر کوآرڈی نیشن کمیٹی (ڈِی این ڈبلیو سی سی سی ) کے ایک وفد نے سول سیکرٹریٹ جموں میں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے ملاقات کی۔وفد نے دُرگا نگر، ڈوگرہ نگر اور ملحقہ علاقوں کو درپیش پانی کی فراہمی کے مسائل کے فوری حل کے لئے وزیر سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔وفد نے وزیر کو بتایا کہ موجودہ پانی فراہمی کا نظام ناکافی ہے جس سے شہریوں کو پانی کی بے قاعدگی اور ناکافی دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُنہوں نے تشویش ظاہر کی کہ بہت سے گھروں کو نجی واٹر ٹینکروں پر انحصار کرنا پڑتا ہے جن میں سے کئی من مانی قیمتیں وصول کرتے ہیں جس سے کمیونٹی پر اِضافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔کمیٹی کے اراکین نے مزید بتایا کہ علاقے کی آبادی میں گزشتہ برسوں کے دوران نمایاں اِضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی کے پہلے سے دباؤ والے نظام کی طلب میں اِضافہ ہوا ہے۔اُنہوں نے موجودہ بنیادی ڈھانچے کی جامع اَپ گریڈیشن کی ضرورت پر زور دیا جس میں پانی کے اضافی ذخائر کی تعمیر اور مٹھی فیڈر کی اَپ گریڈیشن شامل ہے تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔وفد نے وزیر سے ذاتی مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے لئے مستقل، قابلِ اعتماد اور دیرپا پانی فراہمی کا نظام قائم کرنے کے لئے فوری اور طویل المدتی اقدامات کا مطالبہ کیا۔
وزیر موصوف نے وفد کے مسائل بغور سنا اور چیف اِنجینئر جل شکتی جموں، ایس اِی اور متعلقہ ایگزیکٹیو اِنجینئر کو فوری ہدایات جاری کیں کہ درخواست گزاروں کو مناسب پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام شہریوں کو باقاعدہ، محفوظ اور مناسب پینے کا پانی فراہم کرنے کی پابند ہے۔جاوید احمدرانا نے کہا کہ پانی فراہمی نظام نہ صرف مسلسل ہونا چاہیے بلکہ صفائی کے سخت معیار پر بھی پورا اُترنا چاہیے اور اس سلسلے میں سخت نگرانی اور باقاعدہ جانچ ضروری ہے تاکہ معیار اور حفاظت برقرار رہے۔متعدد دیگر اَفراد اور وفود نے بھی وزیر سے ملاقات کر کے مختلف عوامی مسائل اُجاگر کئے۔وزیر نے عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ہمدردی، بروقت ردِّعمل اور سنجیدگی کے ساتھ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔










