اگلے ہفتے کسی بڑی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں،ہلکی بارش کاامکان:محکمہ موسمیات
سری نگر//وادی کشمیر کے بیشتر حصوں میں رات کا درجہ حرارت معمول سے نیچے گر گیا ۔جمعرات کوکچھ بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میںبارش کے بعد محکمہ موسمیات نے جمعہ کو وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا اونچائی پر برفباری کے ساتھ ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر میں پچھلے2 دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش،گرج چمک کے ساتھ کچھ مقامات پرژالہ باری اور اونچی جگہوں پر برف باری ہوئی۔ جموں و کشمیر کے زیادہ تر مقامات پر موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اونچی جگہوں پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش وبرفباری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے دفتر نے کہا کہ جمعہ کی شام سے موسمی صورتحال میں بتدریج بہتری کی توقع ہے۔انہوں نے کہاکہ اگلے ہفتے کسی بڑی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیںہے لیکن بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ کبھی کبھار ہلکی بارش کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ جمعرات اورجمعہ کی درمیانی رات شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا جوکہ معمول سے 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ جبکہ جمعرات سے جمعہ کی صبح ساڑھے8بجے تک سری نگرمیں 10.3 ملی میٹر بارش ہوئی ۔انہوںنے کہاکہ شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعرات سے جمعہ کی صبح ساڑھے8بجے تک15.4 ملی میٹر بارش ہوئی اور گزشتہ رات یہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیاجوکہ معمول سے3.3 ڈگری کم تھا۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہقاضی گنڈ میںجمعہ کی صبح تک23.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات8.2 ڈگری سینٹی گریڈتھا جبکہ کوکرناگ میں16.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم سے کم 4.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں18.6 ملی میٹر بارش ہوئی اور کل رات درجہ حرارت کم سے کم2.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر کے کپوارہ میں اس وقت کے دوران2.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور گزشتہ رات کم سے کم8.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔










