ریکٹر پیمانے پر شدت 5.3، مرکز تاجکستان ، جانی مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں
سرینگر/اے پی آئی// وادی کشمیر میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب 8اور9جنوری کی رات کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ریکٹر پیمانے پر زلزلے کی شدت 5.3درج کی گئی اور تاجکستان زلزلے کا مرکز بتایا جارہا ہے ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق جموں وکشمیر میں اُس وقت لوگوں میں خوف ودہشت ، افراتفری کا ماحول پھیل گیا جب جمعتہ المبارک کی علی الصبح 2بجکر 45منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، جس سے لوگ گرم بستروں سے نکل کر باہر آگئے ۔ ریکٹر پیمانے پر زلزلے کی شدت 5.3بتائی جارہی تھی اور زلزلے کا مرکز تاجکستان کو ظاہر کیا جارہا ہے ۔ محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ جمعتہ المبارک صبح 2بجکر 45منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم وادی کے کسی بھی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ واضح رہے کہ رواں برس کے پہلے دن بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ جموں وکشمیر کو سسمک زون 6میں شامل کیا گیا ہے اور زلزلوں کے حوالے سے جموں وکشمیر کو انتہائی حساس قرار دیا جارہا ہے ۔










