جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ دریائے توی پر سیلاب کے انتظام اور تحفظ کے کام ہر سال منظور شدہ منصوبے کے مطابق یو ٹی کیپیکس اور نبارڈ کے تحت دریائی ٹریننگ ورکس اور امبانکمنٹس کی مضبوطی کیلئے انجام دئیے جاتے ہیں ۔ وزیرموصوف نے یہ بیان اسمبلی میں قانون ساز سریندر کمار کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے دیا۔اُنہوںنے کہا کہ یو ٹی کیپیکس کے تحت متعدد سیلاب تحفظی کام کئے گئے ہیں جن میں سے چھ کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ پانچ کام مختلف مراحل میں تکمیل کے قریب ہیں ۔ وزیر موصوف نے یہ بھی بتایا کہ نبارڈ کے تحت منوال سے انڈو ۔ پاک سرحد کے اخراج تک دریائے توی کی ٹریننگ کے کام کئی مقامات پر جاری ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ دریائے توی کی امبانکمنٹ کی بحالی اور مضبوطی کیلئے تین نئے کام تقریباً 769.96 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے ٹینڈر کئے جا چکے ہیں ۔ جاوید رانا نے کہا کہ ان کاموں میں دریائے توی کے بائیں کنارے پر بکرم چوک کے اپ سٹریم میں مٹی کی امبانکمنٹ کی بحالی ، دریائے توی کے دائیں کنارے پر ہری سنگھ پارک کے قریب خراب شدہ سیلاب کے تحفظی ڈھانچوں کی تعمیر اور چک ملہوری بجالٹہ میں دریائے توی کے بائیں کنارے پر گھروں اور زمین کی حفاظت کیلئے سیلاب تحفظی کاموں کی تعمیر شامل ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ منظور شدہ ہے اور ٹینڈر ہو چکے ہیں ۔










