درنگ کھاگ میں مویشی پالن سے وابستہ افرادکوبھاری نقصان

بڈگام//وسطی ضلع بڈگام کے درنگ کھاگ علاقہ میں مویشی پالن سے وابستہ افرادکوحالیہ کچھ ہفتوںکے دوران لاکھوںروپے کانقصان اُٹھاناپڑا ،کیونکہ یہاں متعددگھریلو جانور ایک مہلک بیماری میں مبتلاء ہونے کے بعدہلاک ہوگئے جبکہ نزدیکی پہاڑی کاہچرائی علاقہ توسہ میدان سے سارے مویشیوں کونچلے علاقوں میں منتقل کیاگیا ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوںنے بتایاکہ موسم گرما میں یہاں کے لوگ اپنے گھریلو مویشیوں بشمول بھیڑ بکریوں اورگائے بیل کوگھاس چرانے کیلئے توسہ میدان لیجاتے ہیں اورامسال بھی درنگ کھاگ کی کئی بستیوں بشمول پرے محلہ ،حبر،لسی پورہ،لچھن پورہ ،چڑوہ ،چاکرپورہ اورکھئی پورہ سے گھریلو جانوروںکوتوسہ میدان لیاگیا لیکن یہاں بھیڑ بکریوںاوردوسرے جانوروںمیں پُراسرار بیماری نمودار ہوئی ۔انہوں نے بتایاکہ گھریلو جانور توسہ میدان میں ’نوج‘نامی منہ کی بیماری میں مبتلاء ہوگئے اوریہاںکئی بھیڑبکریاں یہاں اس مہلک بیماری سے مرگئیں ۔انہوں نے بتایاکہ جانوروں کوہنگامی بنیاد پرواپس اپنے گائوں میں لایاگیا لیکن یہاں ان میں یہ بیماری مزیدپھیل گئی اورلگ بھگ ایک درج بھیڑ بکریوںکے علاوہ ایک گائے اورایک بیل بھی مرگیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ ہماری سمجھ میں نہیں آرہاہے کہ ہم اپنے گھریلو جانوروںکوکیسے اس مہلک بیماری سے بچائیں کیونکہ یہاں محکمہ شیپ ہسبنڈری کاایک اکیلا ڈاکٹر تعینات ہے ،جسکے پاس درکار مقدارمیں ادویات بھی نہیں ہیں ۔مویشی پالن سے وابستہ ایک مقامی شخص علی محمدنے بتایاکہ پُراسراربیماری پھوٹ پڑنے کے بعدایک درجن سے زیادہ بھیڑ بکریاں اورایک گائے ہلاک ہونے کے بعدہم پریشان ہیں ،کہ ان جانوروں کوکیسے اس مہلک بیماری سے بچائیں ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کودرکارمشینری ،طبی آلات اورادویات کیساتھ یہاں روانہ کیاجائے ۔