سرینگر //مشہور سیاحتی مقام ٹنگمرگ میں اس وقت کہرام مچ گیا ہے جب علاقے میںسیر پر آئے 5افراد غرق آب ہوئے ہیں جن میں سے 2جواں سال لڑکیاں نالہ میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گئی جبکہ 3افراد کو بچایاگیا۔ کے این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے درنگ ٹنگمرگ میں بدھوا کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب یہاں سیر پر آئے5افراد کونالہ فیروزہ پورہ میں پانی کے تیز بہائو نے انہیں اپنے ساتھ بہاکر لے گئے۔ اس موقعہ پر وہاں زبردست افرا تفری اور خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔جبکہ موجود مقامی لوگوں اور پولیس نے غرق آب ہوئے افراد کوبچانے کیلئے کارروائی شروع کی۔ بچائو کارروائی کے دوران 2لڑکیاں ، جن کی عمر21سال کے قریب بتائی جارہی ہے، کی لاشیں نالہ فیروزپورہ سے برآمد کی گئی تاہم ایک لڑکی اور ا2 نوجوان کو بچایالیا گیا جنہیں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹنگمرگ پہنچایاگیا جہاں سے انہیں صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیاگیا۔ پولیس کے ایک افسر کاکہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ مذکورہ افراد پکنک کیلئے آئے تھے اوربہتے ہوئے نالہ فیروزہ پورہ کے تیز پانی سے لطف اندوز ہورہے تھے اور وہ اس میں بہہ گئے۔ ساری صورتحال کی وجہ سے یہاں کہرام مچ گیا ہے ۔اس دل دہلانے والے حادثے کے حوالے سے خبر منظر عام آنے کے ساتھ ہی وادی میں غم اور مایوسی پھیل گئی ہے ۔خیال رہے وادی کشمیر میں اس طرح کے حادثات میں متعدد نوجوان اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ۔










