سرینگر // انسدادکورپشن بیورئوACB کی طرف سے اظہار تشویش کے بعد ، حکومت نے جمعرات کو سرکاری ملازمین کے پاسپورٹ کے حصول کیلئے تازہ ترین ویجی لنس کلیئرنس کو لازمی قرار دیا ہے۔کشمیرنیوزسروس کے مطابق کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ منوج کمار دویدی (آئی اے ایس )کی جانب سے جاری ایک سرکیولرزیرنمبر35-JK(GAD)آف2021بتاریخ16ستمبر 2021میں بتایاگیاہے کہ سرکاری ملازم سمیت شہریوں کو پاسپورٹ کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کی جانب سے کی گئی تصدیق کی بنیاد پر جاری کیا جاتا ہے۔ موجودہ نظام میں کوئی ایسا طریقہ کار شامل نہیں ہے جس سے ایسے ملازمین کو پاسپورٹ سے انکار کرنے میں مدد ملے گی جو یا تو معطل ہیں یا محکمانہ انکوائری کا سامنا کر رہے ہیں یا سنگین الزامات کی بنا پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا کر رہے ہیں۔اب تک ، ایک سرکاری ملازم صرف پاسپورٹ کے لئے درخواست دینے کے لئے اپنے آجر کو مطلع کرتا تھا۔ اس کے علاوہ ، پاسپورٹ کے حصول کیلئے رہنما خطوط جوکہ وزارت برائے پرسنل وپبلک شکایات اور پنشن ، محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ ، مرکزی نگرانی کمیشن اور وزارت خارجہ (ایم ای اے) کی مشاورت سے دفتر کے میمورنڈم نمبرF.No:11012/7/2017 کے ذریعے جائزہ لیا گیا ہے۔ جاری سرکیولرمیںحکومت نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو ، جموں وکشمیر نے حکومت کی نوٹس میں یہ بھی لایا ہے کہ سرکاری ملازمین کو پاسپورٹ جاری کرنے کا موجودہ طریقہ کار بغیر مطلوبہ ویجی لنس کلیئرنس حاصل کئے، ان ملازمین کو پاسپورٹ جاری کرنے کا نتیجہ ہے جن کے خلاف ویجی لنس میں مقدمات زیر التوا ہیں۔ اس طرح ، تمام محکموں کو صرف ویجی لنس کلیئرنس کی بنیاد پر پاسپورٹ کے اجراء کیلئے ملازمین کے حق میں این او سی جاری کرنے کی ہدایت دینے کی فوری ضرورت ہے۔کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ منوج کمار دویدی کی جانب سے 4پیراگرافس پر مشتمل سرکیولر کے مطابق ، حکومت نے تمام انتظامی محکموں،محکموں کے سربراہوں پر زور دیا ہے کہ وہ ڈی او پی ٹی ، جی او آئی کے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست دینے والے ملازم کے حوالے سے تازہ ترین ویجی لنس کلیئرنس حاصل کریں۔










