اردو مصنفین کی نادر اور تواریخی کتب دستیاب، محب علم کیلئے ایک بیش ذخیرہ
سرینگر///شمالی کشمیر کے پٹن علاقے میں دارلعلوم نورالحرمین میںلائبریری میں نادر اور قیمتی کتب کا خزانہ ہے ۔ اس لائبریری میں تواریخی ، اسلامی اور دیگر اہم ’’اردو کتب ‘‘ موجود ہیں جو علمی ذوق رکھنے والوں کیلئے کسی بیش بہا قیمتی خزانے سے کم نہیں ہے ۔ وی او آئی کے مطابق دارالعلوم نور الحرمین بورن پٹن کی لائبریری ایک عظیم علمی خزانے کی حامل ہے۔ حال ہی میں وائس آف انڈیا (VOI) کے نامہ نگار عاشق تلگامی نے اس ادارے کا دورہ کیا، جہاں ایک وسیع اور شاندار لائبریری دیکھنے کو ملی۔اس لائبریری میں ہزاروں نایاب اور معیاری کتابیں محفوظ ہیں، جو اسلامی علوم، فقہ، سیرت، تفسیر قرآن، اور دیگر اہم موضوعات پر مشتمل ہیں۔ خاص طور پر مولانا ابوالکلام آزادکے تاریخی اخبارات ’البلاغ‘ اور ’الہلال‘ کے مکمل ذخائر یہاں موجود ہیں، جو آزادی کی تحریک اور اسلامی فکر کے اہم دستاویزات ہیں۔عاشق تلگامی نے اس بات کو بھی نمایاں کیا کہ اس لائبریری کی ایک خاصیت یہ ہے کہ یہاں قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (NCPUL) کی اکثر مطبوعات ایک ساتھ دستیاب ہیں، جو اردو زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔یہ لائبریری نہ صرف طلبہ بلکہ محققین کے لیے بھی ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ دارالعلوم نور الحرمین کا یہ علمی و تحقیقی مرکز علاقے میں دینی اور تعلیمی ترقی کا ایک روشن مینار بن چکا ہے۔ وائس آف انڈیا کے نمائندے نے اس علمی خزانے کو علم کے متلاشیوں کے لیے ایک نادر اثاثہ قرار دیا۔










