خوش آمدید :2025ہندوستانی کرکٹ شائقین کی اس سال ہوگی خوب تفریح، چمپئنز ٹرافی پر سبھی کی نظر

ہندوستان میں کرکٹ شیدائیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ نئے سال میں ان کے لیے تفریح کے کئی مواقع میسر ہونے والے ہیں۔ 2024میں ہندوستانی مینس ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کی چمپئن بنی تھی، اور اب 2025 میں سبھی کی نظریں چمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے، لیکن ہندوستان کے سبھی میچ دبئی (یو اے ای) میں کھیلے جائیں گے۔ 19 فروری سے 9 مارچ تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم ’فیوریٹ‘ مانی جا رہی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ یک روزہ عالمی کپ میں بغیر کوئی میچ ہارے فائنل میں پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا سے ہار گئی تھی۔ اب روہت بریگیڈ کی کوشش ہوگی کہ وہ چمپئنز ٹرافی جیت کر اپنی جھولی میں مزید ایک آئی سی سی ٹرافی کرے۔
2025میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل بھی ہونا ہے۔ یہ مقابلہ 11 سے 15 جون کے درمیان ہوگا اور 16 جون کو ریزرو ڈے کی شکل میں رکھا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے فائنل کے لیے اپنا برتھ حاصل کر لیا ہے اور دوسری ٹیم کے لیے ہندوستان، آسٹریلیا و سری لنکا کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔ ہندوستان کے لیے بارڈر-گواسکر ٹرافی کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ بہت اہم ہے جو کہ 3 جنوری سے 7جنوری تک کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کو ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے یہ ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہے۔
ہر سال کی طرح 2025 میں آئی پی ایل اور ڈبلیو پی ایل بھی کھیلا جانا ہے۔ کرکٹ شیدائیوں کے لیے ٹی-20 فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ ہمیشہ ہی تفریح سے بھرپور ہوتا ہے۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا اٹھارہواں ایڈیشن 14 مارچ سے 25 مئی کے درمیان منعقد ہوگا۔ ویمنس پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی بات کریں تو یہ 21 فروری سے شروع ہوگا۔
اس سال خواتین کا یک روزہ عالمی کپ بھی ہونا ہے اور اہم بات یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہندوستان میں ہی ہوگا۔ ہندوستان میں اس سے قبل 2013میں خواتین کا یک روزہ عالمی کپ کھیلا گیا تھا۔ تب ممبئی میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ کیا تھا۔ اس بار ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم اپنی مضبوطی دعویداری پیش کر رہی ہے۔