sunday market srinagar 2023 october

خوشگوار موسمی صورتحال کے بیچ وادی کے ’’سنڈے مارکیٹ ‘‘کی رونق دوبالا

گرم ملبوسات کی جم کر خریداری ،خواتین کی بڑی تعداد نے بھی جیبوں کو کیا خالی ، تاجروں کا اظہاراطمینان

سرینگر // خوشگوار موسمی صورتحال کے بیچ وادی کے ’’سنڈے مارکیٹ ‘‘کی رونق لوٹ آئی جس دوران لوگوںکی بڑی تعداد نے خریداری کی ، درجہ حرارت میں گراوٹ اور موسم سرد ہونے کے پیش نظر گرم ملبوسات کی جم کر خریداری کی ، مارکیٹ میں خواتین اور بچوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا۔ سی این آئی کے مطابق اتوار کی صبح سردی کی وجہ سے اگرچہ سنڈے مارکیٹ میں تاجروں نے اپنی چھاپڑیاں کم ہی لگائی تاہم ہلکی بعد میںٹورسٹ سنٹرسے لیکر مہاراجہ بازار امیرا کدل تک دونوں جانب ہزاروں کی تعداد میں چھاپڑی فروشوں نے مال سجایا جس میں گرم ملبوسات، کمبل، اور دیگر سازوسامان تھا ۔ جس کے چلتے لوگوں کی تعداد سنڈے مارکیٹ پہنچے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ سنڈے مارکیٹ میں خواتین نے کئی طرح کے چیزوں کی جم کر خریداری کی جن میں زیادہ تر گرم ملبوسات شامل ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ میں ہزاروں کی تعداد میں تاجر اپنی چھاپڑیاں لگاکر ان پر مال سجاتے ہیں جن میں کراکری، ہوزری، جرابے، جوتے ، سٹیشنری، کتابیں ، پنٹ ، شیٹ، بیڈ شیٹ، مختلف اقسام کی کمبلیں ، الیٹرانک سامان ، جن میں موبائل وغیرہ بھی شامل ہوتا ہے ۔ جبکہ اچھی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ ادنا کمپنیوں کا مال بھی خریداروں کی خدمت میں رکھا جاتا ہے ۔ سنڈے مارکیٹ وادی کاایک وہ واحدمارکیٹ ہیں جہاں پر اس تعدادمیں لوگ خریداری کرتے ہیں اور خریداری کی غرض سے ہی لوگ یہاں آتے ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ سے جڑے کئی افراد نے سی این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مارکیٹ کی وجہ سے ہی ان کے اہل و عیال کا پیٹ پلتا ہے کیوں کہ ہفتے کے چھ دن وہ سنڈے مارکیٹ کیلئے مال تیار رکھتے ہیں اور اس روز یہاں فروخت کرتے ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملتا ہے جن میں چھاپڑی فروشوں کے علاوہ ، مسافر گاڑیوں ، آٹو ڈرائیوروں ، لوڈ کیریر والوں اور دیگر لوگ بھی سنڈے مارکیٹ کی وجہ سے اچھا خاصہ کاروبار کرتے ہیں ۔