سرینگر / /شمالی کشمیر میں خوبصورت صحت افزاء مقام وادی بنگس سرکاری طور نظر انداز کیا ہے کیونکہ مذکورہ مقام تک جانے کیلئے ویران سڑکیں اورقیام گاہوں کی عدم دستیابی سیاحوں کو جانے میں رکاوٹ بنتی ہے ۔اس سلسلے میں چوکی بل اور اس خوبصورت وادی کے عقب میں واقع علاقوں کے لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو بتایا کہ وادی بنگس کی دلدل والی ذرخیز زمین کی خوبصورتی اور پُر فضا ماحول انسان کے دل لبھاتی ہے اور اس مقام کی سیروتفریح کرنے والا کوئی بھی شخصیت لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ طبیعت کی راحت محسوس کرتا ہے ۔لیکن سرکاری سطح پر اس خوبصورت وادی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے جس کے نتیجے میں سیاح اس کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے سے قاصر رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چوکی بل ٹی پی کی سڑک کے آدھے حصے پر میکڈم بچھایا گیا ہے جبکہ بنگس جانے والی سڑ ک کا زیادہ حصہ ویرانی کی کیفیت بیان کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معمولی بارشوں کے بعد وہاں ایسی پھسلن ہوتی ہے کہ انسان کی جان خطرے میں پڑ جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ صحت افزاء مقام میں نہ کوئی رستوران قائم ہے اور سرکاری طور کوئی ریسٹ ہاوس بنایاگیا ہے ۔جس میں سیاح قیام کرسکتے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے موجودہ انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگس کے صحت افزاء مقام تک جانے والی سڑکوں کی تجدید ومرمت کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اوران خوبصورت مقامات پر قیام گاہ ،ریسٹ ہاوس اورریستوران تعمیر کئے جائیں تاکہ سیاح اس خوبصورت وادی کی سیر کرکے لطف اندوز ہوسکیں گے ۔










