بڈگام میں3افراد گرفتار، 4لاکھ روپے برآمد
سرینگر //بڈگام میں پولیس نے خلا سے گرنے والی نقلی شے 4لاکھ روپے میں فروخت کرنے کی پاداش میں 3افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق ماگام پولیس تھانہ میں گزشتہ روز غلام محمد وانی نے شکایت کی کہ غلام قادر پرے، رفیق احمد پرے اور محمد اسلم خان نے اسے کہاکہ انہیں خلاء سے گرنے والی شے ملی ہے جس کی بین الاقوامی بازار میں کروڑوں روپے کی قیمت ہے۔ غلام محمد وانی مذکورہ تینوں شہریوں کے فریب میں آگیا اور خلا سے گرنے والی شے (ترٹھ گولہ) کو 4لاکھ روپے میں خرید لیا۔ غلام محمد وانی کو بعد میں اس بات کا احساس ہوا کہ اسے جو قیمتی پتھر کہہ کر لاکھوں روپے میں فروخت کیاگیا ہے، وہ ایک سادہ پتھر ہے۔ مذکورہ شہری کی تحریری شکایت کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے معاملہ کی تحقیقات کی اور یہ بات سامنے آئی کہ غلام محمد وانی نے پولیس کو جو شکایت کی ہے، وہ حقیقت پر مبنی ہے۔ پولیس نے تینوں دھوکہ باز افراد کو گرفتار کرکے 4لاکھ روپے برآمد کئے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماج مخالف عناصر کے فریب میں نہ آئے اور ایسے عناصر کی نشاندہی کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ گزشتہ کئی برسوں سے کشمیر کے سماج میں یہ افواہ پھیلی ہے کہ خلائی پتھر (ترٹھ گولہ) پاس ہونے سے اچھی قسمت اور دولت حاصل ہوتی ہے۔ ترٹھہ گولہ کے علاوہ دوسری نام نہاد شے ’’ناگ منی‘‘ کی بھی لوگ تلاش کرتے ہیں۔










