modi 2

خطے میں مشترکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے بھارت پرعزم

خواتین کو بااختیار بنانا حکومتی منصوبوں اور پالیسیوں کا بنیادی ستون:وزیر اعظم

سرینگر/یو این ایس/ وزیر اعظم نریندر مودی نے بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ملک کی خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بھارت کی ترقی اور قوم کی تعمیر میں ناری شکتی کے اہم کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی طاقت، عزم اور کامیابیاں ایک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک بھر کی خواتین مختلف شعبہ ہائے زندگی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور عزم کے ذریعے معاشرے اور معیشت کو نئی سمت دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی کامیابیاں نہ صرف قوم کے لیے باعث فخر ہیں بلکہ یہ ملک کو ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل کی طرف بھی لے جا رہی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا’’بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر میں اپنی تمام ناری شکتی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہر شعبے میں خواتین عزم، تخلیقی صلاحیت اور بے مثال جوش کے ساتھ بھارت کی ترقی کو نئی شکل دے رہی ہیں۔ ان کی کامیابیاں قوم کو متاثر کرتی ہیں اور ایک وکست بھارت کی تعمیر کے ہمارے اجتماعی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی پالیسیوں اور مختلف فلاحی اسکیموں کا بنیادی حصہ ہے۔ حکومت ایسے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے جن کے ذریعے ہر خاتون اپنی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا سکے اور ملک کی ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔وزیر اعظم کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران حکومت نے خواتین کو معاشی، سماجی اور تعلیمی میدانوں میں مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں نچلی سطح پر خواتین کی زندگیوں میں نمایاں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں اور انہیں خود مختاری کی جانب بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ناری شکتی کی کامیابیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ اس حقیقت کی مضبوط یاد دہانی ہیں کہ خواتین قوم کی تعمیر میں ایک فیصلہ کن اور تبدیلی لانے والا کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کے مطابق جیسے جیسے بھارت ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے، خواتین کی امنگیں اور ان کی خدمات ملک کو ایک مضبوط اور خوشحال قوم بنانے کے سفر میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔دریں اثنا وزیر اعظم نے حال ہی میں راجستھان کے شہر کوٹا میں مجوزہ ہوائی اڈے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے اپنے خطاب کی جھلکیاں بھی ساجھا کیں اور اوم برلاکی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اوم برلا ایک شاندار رکن پارلیمنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین اسپیکر لوک سبھا بھی ہیں جو ایوان میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پارٹی خطوط سے بالاتر ہو کر تمام اراکین کا احترام کرتے ہیں۔اسی دوران وزیر اعظم نے پڑوسی ملک نیپال میں انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد پر وہاں کی عوام اور حکومت کو مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کے عوام نے اپنے جمہوری حقوق کو جوش و خروش کے ساتھ استعمال کیا جو اس ملک کے جمہوری سفر کا ایک اہم اور تاریخی سنگ میل ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ بھارت ایک قریبی دوست اور پڑوسی کی حیثیت سے نیپال کے عوام اور نئی حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ خطے میں مشترکہ امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔