خشک موسم کے چلتے پوری کشمیروادی میں پارہ گرنے کاسلسلہ جاری

خشک موسم کے چلتے پوری کشمیروادی میں پارہ گرنے کاسلسلہ جاری

کم از کم 20 نومبر تک میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا:محکمہ موسمیات

سری نگر //سرد موسم کی صورتحال میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں کیونکہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے ساتھ ساتھ پوری وادی کشمیر میں پارہ گر گیا ہے، جس کے نتیجے میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب رواں موسم کی اب تک کی سب سے سردترین رات ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران حالیہ کئی دنوںکی طرح منگل کی صبح بھی شہرسری نگرسمیت وادی کے بیشترعلاقوںمیں صبح کے وقت تقریباً9بجے تک اسقدر گہری دُھند چھائی ر ہی کہ لوگوںکی حدنگاہ کمزور پڑگئی اورڈرائیوروںکوہیڈلائٹس آن کرکے گاڑیاں چلاناپڑیں ۔اس دوران صبح کے وقت شدیدسردی کی لہر بھی رہی ،جسکے نتیجے میں بہت کم لوگ گھروں سے باہرآئے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سری نگر میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب پارہ منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ر یکارڈکیاگیاجبکہ اتواراورسوموارکی درمیان رات شہرمیں رات کاکم سے کم درجہ حرارت0.0ڈگری سینٹی گریڈدرج ہواتھا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر سری نگرمیں سال کے اس وقت کے لئے کم از کم درجہ حرارت معمول سے منفی 2.4ڈگری سے نیچے تھا،اور یہ اس موسم میں اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن قاضی گنڈ میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب کم از کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اتواراورسوموارکی درمیانی رات درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس جگہ کے لئے یہ معمول سے منفی3.1 کم درجہ حرارت تھا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ شب کے درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی4.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور معمول کا درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں کوکرناگ علاقہ میں گزشتہ رات 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میںسوموار اور منگل کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں گزشتہ رات منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں واقع دنیا کے مشہور اسکیئنگ ریزورٹ گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میںسوموار اور منگل کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں کم از کم 20 نومبر تک میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔تاہم محکمہ موسمیات نے کہاکہ 21سے23 نومبر کے دوران ایک کمزور مغربی ڈسٹربنس خطے کو متاثر کرنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے کشمیر کے بالخصوص شمالی حصوں میں ہلکی سے درمیانی برف پڑ سکتی ہے۔اُدھر موسمیاتی تغیروتبدل سے متعلق جانکاری فراہم کرنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق جموں وکشمیرمیں رواں مہینے کے آخر تک زیادہ تر خشک موسم کی توقع ہے۔ویب سائٹ کے مطابق ایک کمزور مغربی ڈسٹربنس کل سے جموں و کشمیر کو متاثر کرے گا اور جموں و کشمیر میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کا سبب بن سکتا ہے۔بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔اس کے بعد زیادہ تر خشک موسم28 نومبر تک جاری رہے گا۔