بورڈ کی جانب سے 25اگست کو لئے جانے والے تمام امتحانات بھی ملتوی
سرینگر/ سی این آئی // خراب موسمی صورتحال کے باعث جموں میں آج یعنی سوموار کو اسکول کل بند رہیں گے۔ اسی دوران بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے 25اگست کو لئے جانے والے دسویں اور گیارہویں جماعت کے امتحان ملتوی کر دئے ہیں ۔ سی این آئی کے مطابق خراب موسمی حالات کے بیچ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے اتوار کو کہا کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول سوموار کو بند رہیں گے۔اس ضمن میں جاری ایک حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر جموں صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو سوموار کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے ایک موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں شدید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس میں خطرناک علاقوں میں بادل پھٹنے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔ادھر جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے اتوار کو سخت موسمی حالات کے پیش نظر جموں و کشمیر اور لداخ میں 25 اگست کو ہونے والے 10ویں اور 11ویں جماعت کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں بورڈ ترجمان نے کہا کہ 10ویں اور 11ویں کے امتحانات 25 اگست کو ہونے والے جموں و کشمیر/لداخ میں شدید خراب موسم کے پیش نظر ملتوی کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتوی امتحانات کی نئی تاریخوں کو الگ سے مطلع کیا جائے گا۔










