چند روز میں چارج شیٹ پیش کی جائے گی:ایس ایس پی سرینگر
سری نگر//سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس( ایس ایس پی ) سرینگر راکیش بلوانے حال میں سرینگر میں ایک لڑکی پر تیزاب حملے کے کیس کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا چار پانچ روز میں واقعے کے حوالے سے چارج شیٹ پیش کر کے قانون کے مطابق کارروائی شروع کی جائے گی ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ایس ایس پی نے کہا کہ اس کیس میں مضبوط ترین سیکشنز کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے گاجو اس میں لگتے ہیں لگائے جائیں گے ۔ایس ایس پی نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے۔تیزاب پھینکنے کے واقعے پر پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ’اس میں تحقیقات زوروں سے جاری ہیں اگلے چار پانچ دنوں میں چارج شیٹ پیش کیا جائے گا‘۔افضل گورو کی برسی کے موقع پر سیول لائنز علاقوں میں کاروباری ادارے کھلے رہنے کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر بلوال نے کہا کہ اس سے یہ اخذ ہوتا ہے کہ حالات معمول پر آرہے ہیں۔خیال رہے سرینگر کے حول علاقے میں یکم فروری کی شام ایک 24سالہ دوشیزہ پر تیزاب پھینکا گیاجس کی وجہ سے وہ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجاز اسد نے بتایا تیزاب والے13دکانوں کو سیل کیا گیا ہے جبکہ یہ کارروائی آگے بھی جاری رہے گی ۔انہوں نے بتایا لڑکی کا علاج بیرون ریاست میں چل رہا ہے جبکہ اسکی باز آباد کاری کے لئے بھی کام جاری ہے ۔واضح رہے اس واقعے کے بعد تمام مذہنی جماعتوں نے شدید برہمی اور غم و غصے کا اظہار کر کے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔










