عدم تعمیل کی صورت میں بدعنوانی قانون کے تحت کاروائی کی جائے گی
سرینگر// یو این ایس // حکومت نے سال 2025 کے لیے جائیداد گوشوارے مقررہ مدت میں جمع نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کو ایک مرتبہ پھر ‘‘آخری اور حتمی موقع’’ فراہم کرتے ہوئے مہلت میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق بڑی تعداد میں ملازمین مقررہ وقت کے اندر اپنے جائیداد گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہے، جس کے باعث اس لازمی عمل میں ڈیفالٹ سامنے آیا۔سرکار نے کہا ہے کہ17 دسمبر 2025 کو جاری سرکیلورکے تحت تمام سرکاری ملازمین کو یکم جنوری سے 31 جنوری 2026 کے درمیان پراپرٹی ریٹرن سسٹم پورٹل پر اپنے جائیداد گوشوارے داخل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کئی ملازمین نے یا تو گوشوارے جمع نہیں کرائے یا پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد عمل مکمل نہیں کیا۔معاملے کا جائزہ لینے کے بعد جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے 15 دن کی اضافی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جسے واضح طور پر آخری موقع قرار دیا گیا ہے۔حکومت نے خبردار کیا ہے کہ جائیداد گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں جموں و کشمیر پبلک مین اینڈ پبلک سرونٹس ڈیکلریشن آف ایسٹس ایکٹ اور قواعد کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ ڈیفالٹ کرنے والے ملازمین کو انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے تحت فوجداری بدعنوانی کا مرتکب بھی قرار دیا جا سکتا ہے، جس پر قانون کے مطابق سزائیں لاگو ہوں گی۔ اس کے علاوہ ایسے ملازمین کو ویجیلنس کلیئرنس سے بھی محروم رکھا جائے گا۔تمام کنٹرولنگ افسران اور ڈراونگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ انتظامی محکموں کو گوشواروں کی پیش رفت کی قریبی نگرانی اور جائزہ لینے کا حکم دیا گیا ہے۔










