سری نگر//وزیربرائے صحت سکینہ اِیتو کی ہدایات پر محکمہ صحت و طبی تعلیم نے جموں و کشمیر کے تمام سرکاری طبی اِداروں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے ڈیوٹی کے دوران سفید کوٹ (ایپرن) پہننا اور ان پر واضح طور پر نام و عہدہ درج ہونا لازمی قرار دیا ہے۔اس حوالے سے محکمہ کی طرف سے جاری ایک سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈاکٹروں جن میں نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) اور آیوش کے تحت تعینات ڈاکٹرز بھی شامل ہیں اور تمام پیرا میڈیکل سٹاف کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران سفید ایپرن پہنیں اور ہمیشہ اَپنے پورے نام اور عہدے کے ساتھ واضح شناختی پلیٹ لگائیں۔سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام اِداروں کے سربراہان، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹوںاور چیف میڈیکل اَفسران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اَپنے اَپنے اِداروں میں ان احکامات پر سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔یہ فیصلہ اس پس منظر میں لیا گیا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ مختلف سرکاری طبی اِداروں میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی کے دوران ایپرن پہننے اور شناختی پلیٹ لگانے کے مقررہ اصولوں پر پوری طرح عمل نہیں کر رہے ہیںجس کی وجہ سے مریضوں کو طبی عملے کی شناخت کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔










