حکومت نے نمدہ کرافٹ کی شانہ رفتہ بحال کرنے کی کارڈِنگ مشین کیلئے رقومات منظور کئے

حکومت نے نمدہ کرافٹ کی شانہ رفتہ بحال کرنے کی کارڈِنگ مشین کیلئے رقومات منظور کئے

تجدید شدہ مشین دستی مشقت کو کم کرے گی اور مقامی مانگ کو مؤثر طریقے سے پورا کرے گی

سری نگر//حکومت نے کشمیری روایتی نمدہ کرافٹ کی بحالی اور فروغ کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر یو این ڈِی پی وِنگ میں ایک جدید اور اعلیٰ صلاحیت والی کارڈنگ مشین کی تجدید اور تنصیب کے لئے رقومات کی منظوری دی ہے۔یہ اَقدام وادی میں روایتی ہینڈی کرافٹ اور ہینڈلوم کے شعبوں کے بنیادی ڈھانچے اوردیرپائی کو مضبوط بنانے کے بڑے مقصد کا حصہ ہے۔نمدہ، جو کہ صدیوں پرانی ایک دستکاری ہے جس میں اونی کپڑے کو فیلٹنگ اور اس پر کڑھائی کی جاتی ہے، مختلف رُکاوٹوںبالخصوص اون کی پروسسنگ کی سہولیات کی کمی، زیادہ لاگت اور وقت گزارنے والے دستی طریقوں کی وجہ سے مسلسل زوال کا شکار ہو گئی ہے۔ کیپٹل ایکس پنڈیچر ( سی اے پی اِی ایکس)بجٹ کے تحت کارڈنگ مشین کی تجدید سے ان رُکاوٹوں کو براہ راست دور کرنے کی اُمید ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر یو این ڈِی پی مرزا شاہد علی نے آج جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا کہ جدید کارڈنگ مشین کی دستیابی سے دستی مشقت اور پروسسنگ کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گاجس سے دستکاری کو معاشی طور پر قابل عمل بنایا جائے گا اور پیداواری صلاحیت میں اِضافہ ہو گا تاکہ بڑھتی ہوئی مقامی اور بین الاقوامی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔ یہ قدم نوجوان کاریگروں کو بھی اس پیشے کی طرف راغب کرے گا کیوں کہ اس سے کام کے حالات اور پیداوار بہتر ہوگی۔اُنہوں نے مزید کہا،’’یہ قدم حکومت کے اُن وسیع تر مقاصد کے مطابق ہے جن کے تحت زوال پذیر ہنروں کو بحال کیا جا رہا ہے اور نمدہ کو ایک اہم اور نمائندہ ہنر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ہم اس مشین کی بروقت تجدید، تنصیب اور آپریشن کو یقینی بنائیں گے اور کاریگروں کو اِس سے مکمل فائدہ حاصل کرنے کے لئے ضروری تربیت بھی فراہم کریں ۔یہ پیش رفت نمدہ سیکٹر میں نئی جان ڈالنے، اس کی قدیم وراثت کو محفوظ رکھنے اور سینکڑوں کاریگروں کی روزی روٹی کو بہتر بنانے کی اُمید ہے جو اِس ثقافتی لحاظ سے اہم فن پر انحصار کرتے ہیں جس کی مقامی اور بیرونی مارکیٹوں میں بہت زیادہ مانگ ہے۔