حکومت نے صوبہ کشمیر میں کار خانہ دار سکیم کیلئے 33.34 لاکھ روپے جاری کئے ہیں

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے صوبہ کشمیر میں اَپنی کارخانہ دار اسکیم کی عمل آوری کے لئے 33.34 لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اہم مالی اِمدادمتعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کو فراہم کی گئی ہے جو حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ خطے کے شاندار فنی ورثے کے تحفظ اور فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کاریگروں کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کو بھی یقینی بنانا چاہتی ہے۔2021 میں متعارف کی گئی کارخانہ داراسکیم ا یک تاریخی اقدام ہے جس کا مقصد مٹی کے برتن سازی جیسے زوال پذیر دستکاریوں کو دوبارہ بحال کرنا اور جموں و کشمیر کے دستکاری شعبے کی دیرپا ترقی کو فروغ دینا ہے۔ یہ سکیم محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کے ذریعے نافذ کی گئی اوراِس کا مقصد کاریگروں کو بااختیار بنانا،ہنر مندی کی ترقی کو بڑھانا اور ان کی روزی روٹی کو مضبوط بنانا ہے۔محکمے کے ترجمان کے مطابق یہ سکیم ایسے زوال پذیر دستکاریوں کے احیأ پر مرکوز ہے جن میں اخروٹ کی لکڑی کی نقش ونگار، چاندی کی فلگری، قالین بانی، کانی شال بانی، خاتمبند ، پیپر ماشی ، سوزنی، ٹیپسٹری، کندہ کاری والے تانبے کے برتن شامل ہیںجن میں ہنرمند کاریگروں کی شدید کمی ہے۔ ترجمان نے کہا، ’’یہ سکیم ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہنروں کو ترجیح دیتی ہے تاکہ ان کا ورثہ باقی رہے۔ یہ کاریگروں کی نئی نسل کو نیشنل، سٹیٹ یا شلپ گرو ایوارڈ یافتہ ماہرین سے تربیت دلانے میں مدد دیتی ہے۔‘‘محکمہ کے تربیتی مراکز سے کامیابی سے تربیت حاصل کرنے والے اَفرادکو قریبی کارخانوں میں اعلیٰ تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ ان کی مہارت اور مصنوعات کو بہتر بنایا جا سکے۔تربیت یافتہ اَفراد کو چھ ماہ کی تربیتی مدت کے دوران 2,000 روپے کا ماہانہ وظیفہ ملتا ہے جو براہِ راست بینک کے ذریعے ٹرانسفر کیا جاتا ہے۔ اِس کے علاوہ، ہر کارخانہ دار کو 25,000 روپے دو قسطوں میں دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ لاجسٹک، آلات، ساز و سامان اور خام مال کا بندوبست کر سکیں۔ اِسی طرح ہر ٹرینی کے لئے ماہانہ 2,000 روپے بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔33.34 لاکھ روپے کی اس مالی معاونت سے پہلے مرحلے میں اننت ناگ، بڈگام، بارہمولہ، کولگام اور سری نگر اَضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو کارخانہ دار سکیم کی عمل آور کو تیز کرنے میں مدد ملے گی تاکہ کاریگروں کو مطلوبہ وسائل، تربیت اور معاونت بروقت میسر آ سکے۔