جموں// وزیر برائے زرعی پیداوار جاوید احمد ڈار نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت نے موجودہ سیزن کے دوران جموں و کشمیر میں زرعی سرگرمیوںکی مدد کے لئے مختلف اَقدامات پہلے ہی شروع کئے ہیں۔اُنہوں نے یہ بات آج ایوان میں وقفہ صفر کے دوران رُکن اسمبلی غلام احمد میر کی طرف سے اُٹھائے گئے خدشات کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔ وزیرموصوف نے بتایا کہ حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو پہلے ہی ہدایت دی ہے کہ کسانوں کو زرعی اور باغبانی سرگرمیوں کے لئے فیول کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اِس بات پرزور دیا کہ متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ جاری زرعی کاموں کے دوران کسانوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ زرعی سرگرمیوں کو ہموار بنانے اور زرعی و باغبانی مقاصد کے لئے درکارفیول کی مناسب فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔










