جموں// وزیربرائے تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو بتایا کہ حکومت موجودہ ڈگری کالجوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور فیکلٹی کی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔وزیر موصوفہ نے یہ بات آج ایوان میں رُکن اسمبلی مظفر اقبال خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ منجاکوٹ میں ڈِگری کالج کے قیام کا معاملہ ستمبر 2019 ء میں پیش کی گئی فزیبلٹی رپورٹ کا حصہ تھا جس کے بعد محکمہ کو خطے میں ڈِگری کالج کے قیام کا کوئی مطالبہ موصول نہیں ہوا۔وزیر تعلیم نے بتایا کہ پرنسپل گورنمنٹ ڈِگری کالج راجوری کے طرف سے پیش کی گئی فزیبلٹی رپورٹ کے مطابق یہ خطہ2018 میں قائم شدہ انتظامی سیکرٹریوں کی کمیٹی کی طرف سے نئے ڈگری کالجوںکے قیام کے لئے تجویز کردہ مقامات کی ممکنات کا جائزہ لینے کے لئے وضع کردہ کم از کم ضروریات پر پورا اُترتا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اس وقت 2019 ء میں منظور شدہ 52 نئے ڈگری کالجوں کی اَپ گریڈیشن اور مضبوطی کو ترجیح دے رہا ہے جنہیں عمارتوں، لیبارٹریوں، کتب خانوں جیسی ضروری بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مناسب تدریسی و غیر تدریسی عملہ تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ ان اِداروں کو مکمل طور پر فعال بنایا جا سکے۔










