جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایوان کو مطلع کیا کہ 38 سرکاری محکموں میں مجموعی طور پر 48,958 نان گزیٹیڈ اور 10,217 گزیٹیڈ اسامیاںبراہ راست بھرتی اور پروموشن کوٹہ دونوں کے تحت خالی پڑی ہیں۔وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جاری بجٹ سیشن کے وقفہ سوالات کے دوران رُکن اسمبلی پلوامہ وحید الرحمن پرہ کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ براہ راست بھرتی کے کوٹہ کے تحت 24,507 نان گزیٹیڈ اور 3,808 گزیٹیڈ اَسامیاں خالی ہیں جبکہ پروموشن کوٹہ کے تحت 24,451 نان گزیٹیڈ اور 6,409 گزیٹیڈ اَسامیاں ان محکموں میں ابھی تک پُر نہیں کی گئیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ ضلعی سطح پر جموں و کشمیر کے تمام 20 اَضلاع میں کُل 16,812 نان گزیٹیڈ اور 2,798 گزیٹیڈ اَسامیاں خالی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس (2025) کے دوران 959 گزیٹیڈ اسامیاں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کو بھیجی گئیں جبکہ 6,340 نان گزیٹیڈ اسامیاں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کوبھرتی کے لئے بھیجی گئیں۔










