میٹریل کمپوننٹ کیلئے 174 کروڑ روپے اور 21.96کروڑ روپے عملے کے اعزازیہ کیلئے مختص
جموں//حکومت جموںوکشمیرنے دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور یونین ٹیریٹری میں عملے کے اعزازیہ کی ادائیگی کے لئے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی این آر اِی جی اے) کے تحت مجموعی طور پر 195.96 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔کل مختص رقم میں سے 174 کروڑ روپے سکیم کے میٹریل کمپوننٹ کے تحت جاری کئے گئے ہیں تاکہ موجودہ اور گزشتہ مالی برسوں کے دوران ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے پیدا ہونے والی واجبات کی اَدائیگی کی جا سکے۔یہ فنڈز بنیادی طور پر دیہی رابطہ سڑکوں، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور نچلی سطح پر عمل میں لائے جانے والے دیگر اثاثہ سازی کے منصوبوں سے متعلق اَدائیگیوں کیلئے اِستعمال کئے جائیں گے۔ان فنڈز سے میٹریل سپلائی کرنے والوں اور وینڈرز کو بھی راحت ملنے کی اُمید ہے جو کافی عرصے سے اَپنی اَدائیگیوں کے منتظر ہیں۔اِس کے علاوہ حکومت نے 21.96 کروڑ روپے منریگا کے تحت تعینات عملے کے اعزازیہ کی مد میں بھی جاری کئے ہیں جو نومبر 2025 ء سے مارچ 2026 ء تک کی مدت کا احاطہ کرتے ہیں۔یہ رقم اضلاع میں تقسیم کی جائے گی تاکہ پروگرام کی عمل آوری اور انتظامی امور سے وابستہ عملے کو معاوضہ ادا کیا جا سکے۔حکام کے مطابق ان فنڈز کے بروقت اجرا سے پروگرام سے وابستہ عملے کو بروقت ادائیگی یقینی بنے گی اور نچلی سطح پر اِنتظامی کارکردگی مزید مضبوط ہوگی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مٹیریل کمپوننٹ اور عملے کے اعزازیہ دونوں مدات میں بیک وقت فنڈز کے اجرا سے منریگا کے تحت جاری کاموں میں تیزی آئے گی اور سکیم کو آسانی سے عملانے میں مدد ملے گی۔حکومت نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ یہ مالی تعاون دیہی ترقیاتی اقدامات کو مضبوط بنانے اور یونین ٹیریٹری کے دیہی گھرانوں تک روزگار کی ضمانت فراہم کرنے کے اَپنے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔










