جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے کہا کہ حکومت تخلیقی صلاحیتوں کی پرورش اور فروغ کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں اور کشمیر کو بے پناہ تخلیقی صلاحیتوں سے نوازا گیا ہے کیونکہ ہمارے فنکاروں نے قومی اور عالمی سطح پر اپنے لئے ایک مقام پیدا کیا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈوگری فلم گینگ وار 86 کے پریمیئر کے دوران فلمسازوں اور فنکاروں سے بات چیت کر رہے تھے جسے انہوں نے دوسرے روز ریلیز کیا ۔ اس طرح کے اقدام پر میکرز کو سراہتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس قسم کی فلمیں دونوں خطوں میں مقامی فلم انڈسٹری کو پروموٹ کرنے اور اسے نئی زندگی دینے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں اور کشمیر طویل عرصے سے بالی ووڈ کیلئے سب سے پسندیدہ مقام رہا ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ یہ فلم ٹورسٹ سرکٹ میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کر لے ۔










