حکومت بہتر حکمرانی فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ سکینہ اِیتو

سری نگرمیں مختلف قانون سازوں او رعوامی وفود سے ملاقات

سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک عوامی رابطہ میٹنگ منعقد کی جس کے دوران مختلف قانون سازوں، عوامی وفود، ملازمین کی انجمنوں اور اَفراد نے وزیر موصوفہ کے سامنے عوامی اہمیت کے متعدد مسائل اُٹھائے۔دورانِ میٹنگ جموں و کشمیر ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے وزیر سے ملاقات کی اور ٹیچنگ کمیونٹی کے مختلف مسائل اُٹھائے۔ وفد نے آر ای ٹیز کے لئے ٹرانسفر پالیسی بنانے کے لئے کمیٹی کی تشکیل پر وزیر موصوفہ کا شکریہ اَدا کیا۔ اِسی طرح رہبرِ کھیل اَساتذہ کے ایک وفد نے وزیرسکینہ ایتو سے ملاقات کی اور سات برس کی تسلی بخش خدمات مکمل کرنے والے رہبرِ کھیل اَساتذہ کو ریگولر کرنے کا مطالبہ کیا۔ جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹیوسروس کے اَفسران کے ایک وفد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور اور وزیرموصوفہ کو کیرئیر کی ترقی سے متعلق مختلف مسائل گوش گزار کئے۔ اِس کے علاوہ بارہمولہ، کپواڑہ، اننت ناگ، گاندربل، بانڈی پورہ، کولگام اور دیگر اَضلاع سے آئے ہوئے متعدد عوامی وفود نے بھی وزیر موصوفہ سے ملاقات کی اورجاری سرمائی مہینوں کے پیش نظر صحت شعبے، تعلیم، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی اور راشن کی دستیابی سے متعلق اہم مسائل اُٹھائے۔وزیر سکینہ اِیتو نے ان وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس سیشن کا مقصد عوامی مسائل کا جائزہ لینا، ان کی ترقیاتی ضرورتوں کا جائزہ لینے اور بہتر حکمرانی کی فراہمی کے لئے عوامی سطح پر دستیاب فیڈبیک حاصل کرنا ہے۔اُنہوںنے تمام وفود اور اَفراد بغور سنا اور انہیں جائز مطالبات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح قابلِ رسائی، شفاف اور جوابدہ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’ہمارے دروازے ہمیشہ لوگوں کے لئے کھلے ہیں۔ مؤثر حکمرانی عوامی مسائل کو سننے، سمجھنے اور اُن پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے۔‘‘
وزیرسکینہ اِیتو نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت بہتر حکمرانی فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے جو معاشرے کے ہر طبقے کی اُمنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔ دریں اثنا،رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ریٹائرڈ ) حسنین مسعودی،ممبر قانون ساز اسمبلی سوپور ارشاد رسول کار، ممبر اسمبلی لولاب قیصر جمشید لون اور رُکن قانون ساز اسمبلی کنگن میاں مہر علی نے بھی وزیر موصوفہ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے اسمبلی حلقوں سے متعلق مختلف مسائل اُٹھائے۔