حضرت فاطمہ زہراؓ کا یومِ وصال

خاتونِ جنت کی حیات امت کیلئے مشعلِ راہ// مولانا اخضر حسین

سرینگر//یو این ایس//معروف خطیب اور انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہراؓ کے یومِ وصال کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیدہ کائنات کی حیاتِ طیبہ صبر، تقویٰ، عفت اور حق پر ثابت قدمی کا روشن نمونہ ہے، جو ہر دور کی مسلمان خواتین ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔یو این ایس کے مطابق مولانا اخضر حسین نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓنے گھریلو زندگی، سماجی ذمہ داریوں اور دینی اقدار کو جس توازن اور وقار کے ساتھ نبھایا، وہ آج کے پْرآشوب دور میں ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ آپؓ کی سادگی، سخاوت اور حق گوئی ہمیں اس بات کی تعلیم دیتی ہے کہ دین کی اصل روح اخلاقِ حسنہ اور انسان دوستی میں مضمر ہے۔انہوں نے اہلِ ایمان بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ اس یومِ وصال پر حضرت فاطمہ زہراؓ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنایا جائے، گھروں میں صبر و برداشت، عدل و انصاف اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے، اور خصوصاً خواتین کو تعلیم، وقار اور خودداری کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ مولانا اخضر حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں خاتون جنتؓ کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد، امن اور اخوت کی نعمت سے سرفراز کرے۔