سعودی عرب نے 3سال سے جاری عازمین کی تعداد کی حد ختم کردی
سری نگر//مملکت سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ کووڈ19 وبائی امراض کو روکنے کیلئے 3 سال کی پابندیوں کے بعد اس سال کے حج کیلئے عازمین کی تعداد پر مزید کوئی پابندی عائد نہیں کرے گی۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق سعودی عرب کے حج اور عمرہ کے وزیر توفیق الربیعہ نے پیر کے روز ریاض میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ حجاج کی تعداد کسی عمر کی حد کے بغیر، وبائی مرض سے پہلے کی طرح واپس آجائے گی۔جدہ میں ہونے والی حج ایکسپو 2023 سے خطاب کرتے ہوئے توفیق الربیعہ نے گزشتہ برسوں کے دوران لگائی گئی تمام پابندیوں کو ہٹانے کا بھی اعلان کیا۔5 جنوری 2023 کو وزارت حج اور عمرہ نے مملکت سعودی عرب کے اندر سے آنے والے عازمین کیلئے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا اور اس سال حج میں خواتین کیلئے محرم کی ضرورت نہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔باور کیا جاتاہے کہ سال2023 میں حج سیزن کا آغاز 26 جون سے متوقع ہے۔2020 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب دنیا بھرکے مسلمانوں کو اسلام کے پانچویں ستون کو غیر مشروط طور پر ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔حج ان تمام مسلمانوں کے لئے زندگی میں ایک بار فرض ہے جو جسمانی اور مالی طور پر سفر کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، جو مومنوں کو اس راستے پر لے جاتا ہے جس کا سفر 1400 سال قبل پیغمبر اسلام ﷺ نے کیا تھا۔دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام 5 دن عبادات میں گزارتے ہیں جس کا مقصد انہیں خدا کے قریب لانا ہے۔2022میں، مملکت سعودی عرب نے تقریباً10 لاکھ عازمین حج کو مناسک ادا کرنے کیلئے موصول کیا، جن میں سے 8لاکھ50ہزار بیرون ممالک سے تھے، لیکن سعودی حکومت نے کووڈ19 کی ویکسین حاصل کرنے کی شرط رکھی اور عمر کی پابندیاں عائد کیں، کیونکہ اس نے 16 سال سے کم عمر اور 60 سال سے زیادہ عمر والوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی۔ سال 2021 میں صرف 60ہزارلوگوں نے، جن میں سے سبھی مملکت سعودی کے شہری اور باشندے ہیں، نے حج رسومات ادا کیں، جبکہ2020 میں یہ تعداد چند ہزار تھی۔ مملکت سعودی عرب ے وبائی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وبائی مرض کے بعد آنے والے سالوں میں سخت پابندیاں عائد کیں، اس سے پہلے کہ اس نے گزشتہ سال کے دوران بتدریج پابندیاں ہٹانا شروع کیں۔کووڈ19نامی عالمگیر وبائی مرض سے پہلے، اندازے کے مطابق25لاکھ عازمین نے2019 میں حج کافریضہ ادا کیا تھا۔










