45 medical experts from Jammu and Kashmir selected for Saudi Arabia for Hajj

حج کیلئے جموں و کشمیر کے 45 طبی ماہرین سعودی عرب کیلئے منتخب

منتخب ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل عملے کی نئی دہلی میں لازمی تربیت

سرینگر//یو این ایس//جموں و کشمیر کے 45 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کو حج 2026 کے موقع پر سعودی عرب میں عارضی تعیناتی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ منتخب طبی ماہرین کو قونصل خانہ ہند، جدہ میں خدمات انجام دینے کیلئے نامزد کیا گیا ہے تاکہ بھارتی عازمینِ حج کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یو این ایس کے مطابق وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند کی جانب سے جاری ابلاغیہ کے مطابق منتخب افسران کیلئے 16 فروری 2026 کو ویگیان بھون (پلینری ہال)، نئی دہلی میں ایک روزہ لازمی اورینٹیشن و تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس تربیتی پروگرام میں شرکت ڈیپوٹیشن کے عمل کا لازمی حصہ ہے اور غیر حاضری کی صورت میں امیدوار کی نامزدگی منسوخ تصور کی جائے گی۔منتخب اہلکاروں میں جنرل میڈیسن اور کمیونٹی میڈیسن کے ماہرین، ای این ٹی اسپیشلسٹ، ڈینٹسٹ، میڈیکل آفیسرز، نرسنگ آفیسرز، فارماسسٹ، لیب ٹیکنیشنز اور ایکس رے ٹیکنیشنز شامل ہیں۔ انہیں حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں بھارتی عازمین کو طبی امداد فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔حکام کے مطابق تربیتی پروگرام میں شرکت کرنے والے افسران کو سرکاری دورے پر تصور کیا جائے گا اور انہیں قواعد کے مطابق ٹی اے/ڈی اے ادا کیا جائے گا۔جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری طبی اداروں سے تعلق رکھنے والے یہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اہلکار حج 2026 کے دوران سعودی عرب میں طبی معاونت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، تاکہ عازمینِ حج کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔