حجاج کرام سے دُعائوں کی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی اپیل

سرینگر// نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عازمین حج خصوصاً جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک خوش نصیب حجاج جو امسال حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں ، سے پُر زور اپیل کی ،کہ وہ مناسک حج کے دوران دوران کشمیر کو بے چینی سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کے علاوہ جموںوکشمیر کے عوام کی فتح و نصرت، امن و استحکام، خوشحالی اور فارغ البالی ،عالم اسلام کی سربلندی اور عالم انسانیت کی بقا کیلئے دعا کریں۔اُنہوں نے سعودی عرب میں مقیم کشمیریوں، جو امسال حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں، سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کے عوام کو موجودہ چیلنجوں سے نجات کیلئے ایام حج، روزِ عرفہ اور عید الضحیٰ کے موقعے پر خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ان بابرکت ایام میں اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عازمین سے کہا کہ وہ دُنیا بھر کے مسلمانوں کے مشکلات اور حالات کو مدنظر رکھ کر اللہ کے دربار میں سروسجود ہوکر دعا کرے تاکہ ہمیں عالم اسلام کو درپیش موجودہ چیلنج سے چھٹکارا مل سکے کیونکہ اللہ ہی ہمارے مشکلات دور کرنے والا ہے۔