HPL-T20 Tournament 2023 Concludes at Habba Sahib Sports Ground Zaingair

حبہ صاحب سپورٹس گرائونڈ زینہ گیر میں ہوٹیلیئرز پریمیئر لیگ ۔ٹی 20 اِختتام پذیر

کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ سیکرٹری سپورٹس کونسل کی نوجوانوں پر زور

بارہمولہ//ایک ہوٹلیئر ز پریمیئر لیگ ٹی 20 ،سیشن 17 کرکٹ ٹورنامنٹ جس کا اہتمام مقامی لوگوں نے سوپور میں کیا تھا۔ اِس ٹورنامنٹ کا فائنل میچ لالہ 11 سوپور اور سیر سپورٹس کے درمیان حبہ صاحب سپورٹس گرائونٹ زینہ گیر میں کھیلے جانے کے بعد رنگا رنگ اِختتامی تقریب کے ساتھ اِختتام پذیر ہوا۔اِس موقعہ پرسیکرٹری سپورٹس کونسل جموںوکشمیر نزہت گل مہمانِ خصوصی تھیں۔تقریب میں سوپور کے سینئر سپر اِنٹنڈنٹ پولیس شبیر نواب ، فیاض احمد ملک کے علاوہ دیگر معزز ین نے شرکت کی۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ٹورنامنٹ میں ضلع کے مختلف علاقوں سے بتیس ٹیموں نے بڑے جوش ، جذبے اور بہادری کے ساتھ حصہ لیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری سپورٹس کونسل نے فائنل کھیلنے پر دونوں ٹیموں کی حوصلہ اَفزائی کی اور جیتنے والی ٹیم کو مبارک باد بھی دی۔ اُنہوں نے فاتح اور رَنر اَپ ٹیموں کو ٹرافیاں بھی پیش کیں ۔ دونوں ٹیموں کو بالترتیب 40,000 روپے اور 20,000روپے کی ٹرافی اور نقد اَنعام سے نوازا گیا ۔ مزید یہ کہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کو5000 روپے نقد دئیے گئے۔اِس موقعہ پر مہماں خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور ان کی رہنمائی کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جارہا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ صرف کھیل ہی نوجوانوں کو منشیات سے دُور رکھ سکتے ہیں۔سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ ضلع بھر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ضلع کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔بعد میں ایس ایس پی سوپور نے ٹورنامنٹ کے دوران حصہ لینے والی ٹیموں کی ان کے کھیل اور جوش و جذبے کو سراہا۔ اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ دوسروں کو بھی اَپنی زندگی میں کھیلوں کی عادت ڈالنے کی ترغیب دیں۔